پی ایس ایل 10 کے پہلے کوالیفائر میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے اسلام آباد یونائیٹڈ کو 30 رنز سے شکست دے کر فائنل میں رسائی حاصل کرلی۔
لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں کھیلے گئے پہلے کوالیفائر میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی جانب سے دیے گئے 210 رنز کے تعاقب میں اسلام آباد یونائیٹڈ 8 وکٹوں کے نقصان پر 179 رنز بناسکی۔
صاحبزادہ فرحان کی 52 رنز کی اننگز رائیگاں گئی، سلمان علی آغا 44 اور رسی وین ڈر ڈوسن 35 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔
ایلکس ہیلز بغیر کوئی رن بنائے پویلین لوٹ گئے، جیمز نیشم 1، عماد وسیم 5 رنز کے مہمان ثابت ہوئے، نسیم شاہ صفر پر عثمان طارق کا نشانہ بنے۔
عثمان طارق نے تین کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، فہیم اشرف دو، محمد عامر، ابرار احمد اور محمد وسیم جونیئر نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔
کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے مقررہ اوورز میں 6 وکٹوں 209 رنز بنائے اور اسلام آباد یونائیٹڈ کو جیت کے لیے 210 رنز کا ہدف دیا تھا۔
دنیش چندی مل نے 48 رنز کی شاندار اننگز کھیلی، ان کی اننگ میں 4 چوکے اور تین چھکے شامل تھے، فہیم اشرف 22 گیندوں پر 45 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔
فن ایلن 41 رنز بنا کر عماد وسیم کا نشانہ بنے، کپتان سعود شکیل 12 اور ریلی روسو 16 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔
اسلام آباد یونائیٹڈ کی جانب سے بین دورشوس اور سلمان ارشاد نے دو، دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، عماد وسیم اور شاداب خان نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔
سعود شکیل نے ٹاس جیت کر شاداب خان الیون کو پہلے بولنگ کی دعوت دی تھی۔
کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی ٹیم میں تجربہ کار فاسٹ بولر محمد عامر کی واپسی ہوئی ہے۔
فاتح ٹیم کامیابی کے بعد فائنل میں پہنچے گی جبکہ ہارنے والی ٹیم کو ایک اور موقع ملے گا۔
کوئٹہ کی ٹیم نے ایونٹ میں 7 فتوحات کے ساتھ ٹاپ پر فنش کیا جبکہ دفاعی چیمپئن اسلام آباد یونائیٹڈ کی 6 میچ جیت کر دوسری پوزیشن رہی۔
ایونٹ کے دونوں راؤنڈ میچز میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے اسلام کو آباد یونائیٹڈ کو ہرایا ہے۔
ہیڈ ٹو ہیڈ مقابلوں میں کوئٹہ، 11، اسلام آباد 10 میں کامیاب رہا ہے۔