پاکستان کا سب سے بڑا کرکٹ ٹورنامنٹ ایچ بی ایل پی ایس ایل سیزن 10 کا میلہ اب سے چند گھنٹے بعد راولپنڈی کے اسٹیڈیم میں سجے گا۔
پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) 10 کے افتتاحی میچ سے قبل راولپنڈی کے اسٹیڈیم میں رنگا رنگ تقریب کا انعقاد کیا جائے گا جہاں پاکستان کی لیجنڈ گلوکارہ عابدہ پروین صوفیانہ کلام پیش کریں گی۔
آج افتتاحی تقریب میں راک اسٹار علی ظفر شائقین کا جوش بڑھائیں گے جبکہ ابرارالحق، طلحہ انجم اور نتاشا بیگ بھی تقریب کو چار چاند لگائیں گے۔
View this post on Instagram
آج کے میچ سے قبل آتش بازی کا شاندار مظاہرہ بھی کیا جائے گا جبکہ ایونٹ کیلئے سخت حفاظتی حصار تیار کیا گیا ہے۔
اس سیزن میں کرکٹ کے دنیا کے کئی بڑے نام کمنٹری کرتے نظر آئیں گے جن میں انگلینڈ کے سابق کپتان سر الیسٹر کک، وسیم اکرم، ایم سی سی کے سابق صدر مارک نکولس اور دیگر شامل ہیں۔
پنڈی اسٹیڈیم میں تقریب شام سات بجے شروع ہوگی جبکہ پاکستان سپر لیگ سیزن 10 کے پہلے میچ میں دفاعی چیمپئن اسلام آباد یونائیٹڈ اور لاہور قلندرز پنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں رات ساڑھے آٹھ بجے آمنے سامنے ہوںگے۔
دوسری جانب اسلام آباد میں پی ایس ایل روٹس پرٹریفک جزوی طور پر معطل رہے گا اور 300 سے زائد اہلکار ٹریفک کو رواں رکھنے کیلئے تعینات ہوں گے۔