اسلام آباد یونائیٹڈ کے کپتان شاداب خان کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے خلاف آج میچ سے باہر ہوگئے۔
پی ایس ایل 10 میں آج 23واں میچ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز اور اسلام آباد یونائیٹڈ کے مابین کھیلا جائے گا لیکن اس میچ سے قبل شاداب خان گروئن انجری کی وجہ سے آرام کریں گے۔
اسلام آباد یونائیٹڈ کا کہنا ہے کہ شاداب خان کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے خلاف میچ میں دستیاب نہیں ہوں گے۔
ٹیم انتظامیہ کا کہنا ہے کہ گزشتہ روز بیٹنگ کرتے ہوئے شاداب خان نے تکلیف محسوس کی تھی، احتیاطی طور پر شاداب خان کا اسکین کروایا گیا ہے۔
اسلام آباد یونائیٹڈ کا کہنا ہے کہ رپورٹ آنے کے بعد مزید اپ ڈیٹ سے آگاہ کیا جائے گا۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز کھیلے گئے میچ میں پشاور زلمی نے اسلام آباد یونائیٹڈ کو 6 وکٹوں سے شکست دی تھی، معاذ صداقت کو ڈیبیو پر نصف سنچری اسکور کرنے پر بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا تھا۔