پی ایس ایل 10 کے بقیہ میچز کا 17 مئی سے آغاز ہو رہا ہے بنگلہ دیش کے سابق کپتان شکیب الحسن 8 سال بعد پاکستان سپر لیگ کھیلیں گے۔
مودی کے جنگی جنون کے باعث ملتوی ہونے والے پاکستان سپر لیگ دونوں ممالک میں جنگ بندی کے بعد دوبارہ شیڈول کر دی گئی ہے اور بقیہ میچز کا 17 مئی سے آغاز ہو رہا ہے۔
پی ایس ایل کے بقیہ میچز کھیلنے کے لیے جہاں مختلف فرنچائز کے غیر ملکی کھلاڑی دوبارہ پاکستان آ رہے ہیں۔ وہیں بنگلہ دیش کے سابق کپتان اور مایہ ناز آل راؤنڈر شکیب الحسن بھی 8 سال بعد ایک بار پھر پی ایس ایل کا حصہ بن رہے ہیں۔
لاہور قلندرز نے شکیب الحسن کو اپنے اسکواڈ کا حصہ بنا لیا ہے۔ بنگلہ دیشی آل راؤنڈر کو ڈیرل مچل کی جگہ شامل کیا گیا ہے جو کراچی کنگز کے خلاف میچ کے دوران ہاتھ کی انجری کے باعث ٹورنامنٹ سے باہر ہوگئے تھے۔
شکیب نے 2017 میں آخری بار پشاور زلمی کی طرف سے لیگ میں حصہ لیا تھا جبکہ 2016 میں کراچی کنگز کا حصہ تھے، یہ انکی ٹورنامنٹ میں 8 سال بعد واپسی ہے۔
بنگلہ دیش میں سیاسی تبدیلی کے بعد شکیب الحسن کے ستارے بھی گردش میں ہیں اور وہ طویل عرصہ سے کرکٹ کے میدانوں سے دور ہیں۔
اسٹار کرکٹر نے 6 ماہ قبل آخری میچ کھیلا تھا جبکہ آخری بین الاقوامی میچ بنگلہ دیش کیلیے 2023 میں ایشیا کپ میں کھیلا تھا۔
View this post on Instagram
واضح رہے کہ پی ایس ایل کے فائنل اور پلے آف مرحلے سمیت 8 میچز ری شیڈول کرنے کے بعد بقیہ ٹورنامنٹ کا آغاز 17 مئی کو پنڈی اسٹیڈیم سے ہو رہا ہے۔
پی ایس ایل 10 کا فائنل 25 مئی کو قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلا جائے گا۔
اب تک پوائنٹس ٹیبل کے مطابق کوئٹہ گلیڈیئٹرز نے پلے آف مرحلے کے لیے کوالیفائی کر لیا ہے جب کہ مسلسل چار فائنلز کھیلنے والی ملتان سلطانز ٹورنامنٹ سے باہر ہو گئی ہے۔
پلے آٖف مرحلے کی مزید تین ٹیموں کے لیے کراچی کنگز، اسلام آباد یونائیٹڈ، لاہور قلندرز اور پشاور زلمی کے درمیان جنگ ہے۔