کراچی کنگز کے کپتان ڈیوڈ وارنر نے کہا ہے کہ ہم نے پہلے ہی کہا تھا کہ میچ میں خاص حکمت عملی اپنائیں گے۔
میچ کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ہم پہلے ہی کہ دیا تھا ہم ہار نہ ماننے والی حکمت عملی کے تحت کھیلیں گے۔
ڈیوڈ وارنر نے کہا کہ یہی پیغام دیا تھا کہ وکٹیں بھی گریں تو رنز بناتے رہنا ہے، تاہم ہم نے مخالف ٹیم کو تھوڑے زیادہ ایکسٹرا رنز دے دیے تھے۔
ایک سوال کے جواب میں کپتان کراچی کنگز نے کہا کہ جیمز ونس اور خوشدل شاہ نے زبردست شراکت بنائی، جیمز اور خوشدل شاہ آؤٹ ہوئے تو نیچے آنے والوں نے کھیل میں اپنی پوری ذمہ داری دکھائی۔
اس موقع پر جیمز ونس کا کہنا تھا کہ ہدف کا تعاقب آسان تو نہیں تھا مگر پچ بہت اچھی تھی، ہماری کوشش تھی کہ رنز بناتے جائیں اور رن ریٹ قابو میں رکھیں۔
جیمز ونس نے کہا کہ باؤنڈری کی جب ضرورت تھی ہم لگانے میں کامیاب ہوئے، خود میچ فنش کرتا تو زیادہ اچھا ہوتا، بدقسمتی سے رن آؤٹ ہوگیا۔
عرفات منہاس نے کہا کہ ایونٹ کا پہلا میچ ہر کسی کیلئے اہمیت رکھتا ہے، پہلی جیت سے ہمارے کھلاڑیوں کا مورال بلند ہوا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ڈیوڈ وارنر اور جیمز ونس جیسے کھلاڑیوں کے ساتھ کھیلنے کا اچھا تجربہ رہا، ہماری ٹیم کا کوئی خاص پلان نہیں تھا، مینجمنٹ نے مجھ پر بھروسہ کیا۔
عرفات منہاس نے اعتراف کیا کہ ہماری طرف سے فیلڈنگ میں غلطیاں ہوئیں، جیت کا کریڈٹ جیمز ونس کو جاتا ہے، کوشش ہے کہ اگلے میچ میں بھی اچھا پرفارم کریں۔
مزید پڑھیں : کراچی کنگز کی پہلی شاندار فتح، پی ایس ایل کی تاریخ کا تیسرا بڑا ہدف
یاد رہے کہ کراچی کنگز نے پاکستان سپر لیگ 10 کے اپنے پہلے مقابلے میں ملتان سلطانز کےخلاف شاندار کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے فتح حاصل کرلی۔
ایچ بی ایل پی ایس ایل10 میں کراچی کنگز نے فاتحانہ شروعات کی، کراچی کنگز نے ملتان سلطانز کو4 وکٹوں سے شکست دیدی، کراچی کنگز نے پی ایس ایل کی تاریخ کا تیسرا بڑا ہدف حاصل کرلیا۔
فاتح ٹیم کراچی کنگز کے بیٹر جیمز ونس اور خوشدل شاہ نے بڑے ہدف کے تعاقب میں ملتان سلطانز کےخلاف شاندار بیٹنگ کرتے ہوئے فتح میں اہم کردار ادا کیا۔