دبئی : پاکستان سپر لیگ سیزن تھری کے آغاز میں اب صرف چار دن باقی رہ گئے ہیں، ٹائٹل کی جنگ جیتنے کیلئے ٹیمیں یو اے ای پہنچنا شروع ہوگئیں۔
تفصیلات کے مطابق کرکٹ شائقین کا جوش ولولہ اور جنون اب صرف چھ دن کی دوری پرہے، چھکے اور چوکوں کی بھرمار ہونے والی ہے، پاکستان سپر لیگ سیزن تھری کیلئے ٹیمیں متحدہ عرب امارات پہنچنا شروع ہوگئیں۔
اس بار پانچ نہیں بلکہ چھ ٹیموں کے درمیان مقابلہ ہوگا۔ ایونٹ کی چھٹی ٹیم ملتان سلطانز بھی پوری تیاری کے ساتھ میدان میں اترے گی۔
پہلے راؤنڈ کے میچز دبئی اور شارجہ میں ہوں گے۔ افتتاحی میچ بائیس فروری کو دفاعی چیمپئن پشاور زلمی اور نئی ٹیم ملتان سلطانز کے درمیان کھیلا جائے گا جبکہ کراچی کنگز کے شیر تئیس فروری کو کوئٹہ گلیڈیئٹرز سے پنجہ آزمائی کریں گے۔
علاوہ ازیں پاکستان سپر لیگ کے تیسرے ایڈیشن کی رنگا رنگ افتتاحی تقریب بائیس فروری کو دبئی میں منعقد ہوگی، ملک کے نامور گلوکار اپنے فن کا مظاہرہ کریں گے۔
مزید پڑھیں: پی ایس ایل تھری، کراچی کنگز کے آفیشل نغمے کا ٹیزر جاری
نامور فنکاروں میں عابدہ پروین، علی ظفر، شہزاد رائے ودیگر شامل ہیں، پی ایس ایل تھری کی افتتاحی تقریب پاکستانی وقت کے مطابق رات 8 بجے شروع ہوگی۔
خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں‘مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔