بدھ, فروری 5, 2025
اشتہار

پی ایس ایل: وزیراعلیٰ سندھ اور چیئرمین پی سی بی کی ملاقات

اشتہار

حیرت انگیز

کراچی : پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین نےنجم سیٹھی نے وزیراعلیٰ سندھ سید مراد سے اپنی ٹیم کے ہمراہ ملاقات کی ‘ دونوں اہم شخصیات کی ملاقات میں پاکستان سپر لیگ کےتیسرے ایڈیشن کے حفاظتی اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔

تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ سندھ اور چیئرمین پی سی بی کے درمیان ہونےو الی اس ملاقات میں آئی جی پی‘ سیکریٹری داخلہ‘ پرنسپل سیکریٹری سہیل راجپوت‘ ایڈیشنل آئی جی کراچی‘ کمشنر کراچی‘ ڈی جی رینجرز اور دیگر اعلیٰ حکام شریک تھے۔

اس موقع پر وزیراعلیٰ سندھ کا کہنا تھا کہ میں کراچی میں عالمی کرکٹ کو واپس لانا چاہتا ہوں ‘ کراچی کی عوام پی ایس ایل میچز اور فائنل دیکھنے کے لیے پرجوش ہیں۔ ہر لحاظ سے ایونٹ کو تاریخی بنائیں گے۔

وزیراعلیٰ سندھ نے آئی جی پولیس اور ڈپٹی ڈی جی کو فل ڈریس سیکیورٹی ریہرسل کرنے کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ فل ڈریس ریہرسل سے بین الاقوامی سطح پر اعتماد پیداہوگا۔انہیں بتایا گیا کہ اگلے30 روز میں ریہرسل کی جائے گی۔

اجلاس کے دوران نیشنل اسٹیڈیم کی مرمت کے پہلے سے جاری شدہ کام میں سیکیورٹی تجاویز کے لیے ایس ایس پی سیکیورٹی کو شامل کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ اس فیصلے کا مقصد داخلی و خارجی راستوں کو سیکیورٹی نقطہ نظر سے مزید بہتر بنانا اور کسی بھی قسم کی صورتحال کو کنٹرول کرنےکے لیے رکاوٹیں تیار کرنا ہے۔

سید مراد علی شاہ نے پی ایس ایل کھیلنے والے کھلاڑیوں کی سیکیورٹی فول پروف بنانے کے لیے بلٹ پروف بسوں کی خریداری کا حکم بھی صادر کیا ۔

پی سی بی کی ٹیم نے وزیراعلیٰ سندھ کو آگاہ کیا پاکستان سپرلیگ کے دو میچز لاہور میں ہوں گے جب کہ ایونٹ کا فائنل 25 مارچ کو کراچی میں منعقد ہوگا۔جاری کردہ شیڈول کے مطابق پی ایس ایل کا تیسرا ایڈیشن 22 فروری سے 25 مارچ تک ہوگا اور اس دوران مختلف ٹیموں کے مابین 34 میچز کھیلے جائیں گے۔

ایونٹ کا افتتاحی میچ پشاور زلمی اور تیسرے ایڈیشن میں شامل ہونے والی نئی فرنچائز ملتان سلطان کے درمیان ہوگا جبکہ پلے آف 20 اور 21 مارچ کو لاہور میں کھیلے جائیں گے۔

یا درہے کہ سال دوہزار نو میں آخری مرتبہ بین الاقوامی کرکٹ میچ پاکستان اور سری لنکا کے درمیان کھیلا گیا تھا، دونوں ٹیموں کے مابین ٹیسٹ سیریز کا پہلے میچ ڈرا رہا جبکہ ون ڈے سیریز کے دوسرے میچ میں سری لنکا کو کامیابی ملی تھی۔


اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پر شیئر کریں۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں