بدھ, جون 26, 2024
اشتہار

پی ایس ایل 5: کراچی کنگز، سلطانز کو ہرا کر فائنل میں جانے کے لیے پُر عزم

اشتہار

حیرت انگیز

کراچی: پاکستان سپر لیگ سیزن فائیو کے پلے آف مرحلے کا آج سے آغاز ہوگا۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق پی ایس ایل فائیو کا 8 ماہ بعد آج سے دوبارہ آغاز ہو رہا ہے، یہ ایونٹ کرونا وائرس کی عالمگیر وبا کے باعث ملتوی ہوگیا تھا، پی ایس ایل فائیو کے پلے آف مرحلے کے لیے چاروں ٹیموں نے پریکٹس میچز کےذریعے تیاریوں کو حتمی شکل دے دی ہے۔

آج پہلے کوالیفائر میں سہ پہر 3 بجے کراچی کنگز اور ملتان سلطانز میں زور کا جوڑ پڑے گا، کوالیفائر جیتنے والی ٹیم فائنل میں جائے گی جب کہ ہارنے والی ٹیم ایک اور قسمت آزمائے گی، شام ساڑھے 7 بجے ایلیمنیٹر ون میں لاہور قلندر اور پشاور زلمی ٹکرائیں گے۔

- Advertisement -

کرونا وائرس کے باعث شائقین کو اسٹیڈیم آنے کی اجازت نہیں، ٹیمیں بائیو سیکیورببل میں ہوٹل اور اسٹیڈیم میں رہیں گی، طبی امداد کے لیے موبائل اسپتال بھی اسٹیڈیم میں بنا دیاگیا ہے۔

پی ایس ایل فائیو میں کراچی کنگز کو ملتان سلطانز پر برتری حاصل ہے، ایونٹ میں دونوں ٹیمیں 7 ویں بار مدِ مقابل آ رہی ہیں۔ مجموعی طور پر دونوں ٹیمیں 6 بار آمنے سامنے آئی ہیں، جس میں کراچی کنگز نے 3 میچز میں سلطانز کو شکست دی، جب کہ 2 میچز بغیر نتیجے کے ختم ہوئے، اور صرف ایک میچ سلطانز کے نام رہا۔

پی ایس ایل فائیو سے متعلق اہم معلومات

کراچی کنگز کے کپتان عماد وسیم کوالیفائر میں سلطانز کے خلاف جیت کے لیے پُرعزم ہیں، ویڈیو کانفرنس میں انھوں نے کہا ہم ملتان سلطانز کو ہرا کر فائنل میں جگہ بنائیں گے، کراچی اور لاہور کا فائنل ہو جائے تو مزہ آ جائےگا، ٹائٹل جیت کر ڈین جونز کو خراج عقیدت پیش کرنا چاہتے ہیں۔

کراچی کنگز کے بہترین بلے بازوں میں ایلکس ہیلز، چیڈوک والٹن، بابر اعظم، کیمرون ڈیل پورٹ، شرجیل خان شامل ہیں اور اگر ملتان سلطانز کی بولنگ اٹیک کی بات کی جائے تو عمران طاہر، سہیل تنویر، محمد عرفان اور شاہد خان آفریدی میچ کا پانسہ پلٹنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔

کوالیفائرز جیتنے والی ٹیم براہ راست فائنل میں اپنی جگہ پکی کرلے گی جب کہ ہارنے والی ٹیم کو ایلیمنیٹر ٹو تک انتظار کرنا پڑے گا، آج شامل ایلیمنیٹر ون میں لاہور قلندرز اور سابق چیمپیئن پشاور زلمی کی ٹیمیں مد مقابل آئیں گی۔ اس میچ کی فاتح ٹیم کو کوالیفائرز کی شکست خوردہ ٹیم کا سامنا کرنا پڑے گا تب جا کر دوسری فائنلسٹ کا فیصلہ ہوگا۔ میگا ایونٹ کا فائنل مقابلہ 17 نومبر کو شیڈول ہے۔

واضح رہے کہ پاکستان سپر لیگ سیزن فائیو کے اہم مرحلے میں کراچی کنگز بہترین کوچ ڈین جونز کی خدمات سے محروم ہوگا، ڈین جونز 24 ستمبر کو ممبئی میں دل کا دورہ پڑنے سے انتقال کرگئے تھے۔ کراچی کنگز کے کھلاڑیوں کا کہنا ہے کہ وہ ڈین جونز کی کمی شدت سے محسوس کریں گے۔

ڈین جونز کی جگہ کراچی کنگز کے صدر وسیم اکرم ہیڈ کوچ کی ذمہ داریاں انجام دے رہے ہیں، سلطانز کے خلاف اہم میچ سے قبل وسیم اکرم نے کھلاڑیوں کو ٹپس بھی دی ہیں۔

Comments

اہم ترین

علی حسن
علی حسن
علی حسن اے آروائی نیوز سے اسپورٹس رپورٹر کی حیثیت سے وابستہ ہیں اور کھیلوں کے معاملات میں گہری دلچسپی رکھتے ہیں

مزید خبریں