لاہور : پی ایس ایل میں سیمی فائنل تک رسائی حاصل کرنے والی لاہور قلندرز کے جارح مزاج اوپنر کرس لین سیمی فائنل میں لاہور قلندرز کی ٹیم کا حصہ نہیں ہوں گے۔
تفصیلات کے مطابق کورونا وائرس کے خطرے کے پیش نظر لاہور قلندرز اپنے دو سے تین غیر ملکی کھلاڑیوں سے محروم ہوسکتی ہے، اس سلسے میں ذرائع کا کہنا ہے کہ لاہور قلندرز کے جارح مزاج اوپنر کرس لین نے وطن واپس جانے کا فیصلہ کیا ہے۔
آسٹریلوی بلے باز کا کہنا ہے کہ پاکستان میں کرکٹ کھیل کر بہت مزہ آیا، کرس لین نے گزشتہ روز ملتان سلطانز کےخلاف شاندار سینچری اسکور کی تھی۔
اس کے علاوہ لاہور قلندر کے اسکواڈ کا حصہ ڈیوڈ ویزے اپنی فلائٹ کنفرم ہونے پر کسی بھی وقت لندن روانہ ہوسکتے ہیں، ذرائع کا کہنا ہے کہ ٹیم مینجمنٹ نے ڈیوڈ ویزے کی درخواست پر ان کی وطن واپسی کے لیے انتظامات کا آغاز کردیا ہے۔
دوسری جانب سری لنکا کے اسپنر سیگیوپرسنا بھی نجی مصروفیات کے سبب واہس اپنے وطن جانے کی تیاریوں میں ہیں، ان کی واپسی کے لیے بھی انتظامیہ ٹکٹ اور دیگر انتظامات کرنے کے لیے کوششیں کررہی ہے۔
واضح رہے کہ پی ایس ایل کے دوسرے سیمی فائنل میں کل لاہور قلندرز اور کراچی کنگز فائنل میں رسائی کیلئے مد مقابل ہوں گے، سیمی فائنل کیلئے لاہور قلندرز اور کراچی کنگز نے حکمت عملی مرتب کرنا شروع کر دی ہے ۔