کراچی : پی ایس ایل فائیو کے لئے متبادل کھلاڑیوں کا انتخاب کیا گیا ہے، کراچی کنگز اور پشاور زلمی میں دو دو جبکہ لاہور، کوئٹہ، اسلام آباد اور ملتان میں ایک ایک کھلاڑی کو شامل کیا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق بعض کھلاڑیوں کی مصروفیات اور انجری کے باعث پی ایس ایل فائیو میں شامل ٹیموں میں کچھ تبدیلیاں کرتے ہوئے متبادل کھلاڑیوں کا انتخاب کیا گیا ہے.
ذرائع کے مطابق پی ایس ایل فائیو میں کراچی کنگز کےاسکواڈ میں2نئے شیروں کی انٹری ہوئی ہے، ڈین لارنس اورلیام پلنکٹ پی ایس ایل نہیں کھیل سکیں گے، ان کی جگہ کیوی پیسر مچل میک کلینیگن اور ویسٹ انڈیز کے چیڈوک والٹن کو کے کے اسکواڈ میں شامل کیا گیا ہے۔
لیام پلنکٹ انجری، اور ڈین لارنس نیشنل ڈیوٹی کے باعث کراچی کنگز کو دستیاب نہیں ہوں گے، کراچی کنگز کے علاوہ پشاور زلمی میں بھی دو کھلاڑیوں کو متبادل کے طور پرشامل کیا گیا۔
جبکہ لاہور، کوئٹہ، اسلام آباد اور ملتان میں ایک ایک متبادل کرکٹر کو اسکواڈ میں شامل کیا گیا ہے، پشاور زلمی نے ڈوائن پریٹوریئس کی جگہ انگلینڈ کے لوئس گریگری کو شامل کیا ہے جبکہ کیرون پولارڈ کی جگہ کارلوس بریتھ ویٹ شامل ہوئے ہیں۔
کیرون پولارڈ 7مارچ تک پشاور زلمی کو دستیاب نہیں ہوں گے، ملتان سلطانز کو فیبئن ایلن بھی مارچ کے پہلے ہفتے تک دستیاب نہیں ہوں گے، فیبئن ایلن کی جگہ انگلینڈ کے وائن میڈسن کو ملتان سلطانز میں شامل کیا گیا ہے جبکہ اسلام آباد یونائیٹڈ میں وان ڈیرڈوسن کی جگہ انگلینڈ کے ڈیوڈ ملان اپنی صلاحیتوں کے جوہر دکھائیں گے۔
لاہور قلندرز میں لینڈل سمنز کی جگہ ڈین ولاز کو مکمل ایڈیشن میں شامل کیا گیا ہے، اس کے علاوہ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز میں کیموپاؤل کی جگہ زاہد محمود7مارچ تک کیلئے اسکواڈ میں شامل ہیں۔