پی ایس ایل سیزن سیون کے بائیسواں میچ آج لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا، جہاں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز اور پشاور زلمی ایونٹ میں چوتھی پوزیشن حاصل کرنے کیلئے مدمقابل ہوں گے۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) سیزن سیون میں ہار جیت کا سلسلہ جاری ہے، لاہور کے تاریخی قذافی اسٹیڈیم میں آج ایک میچ کھیلا جائے گا۔
ایونٹ کے بائیسویں میچ میں آج کوئٹہ گلیڈی ایٹرز اور پشاور زلمی آمنے سامنے ہوں گے، میچ مقامی وقت کے مطابق شام ساڑھے 7 بجے شروع ہوگا۔
خیال رہے کہ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز جس نے 2019 میں 20 اوورز کا ٹورنامنٹ جیتا تھا، اس وقت چھ پوائنٹس کے ساتھ چوتھی پوزیشن پر ہے، انہیں اپنے سات میچز میں تین جیت اور چار میں شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے۔
دوسری جانب 2017 میں کھیلے گئے پی ایس ایل کی فاتح پشاور زلمی بھی سات میں سے 4 میچز ہار اور تین میں فتح حاصل کرچکی ہیں جب کہ پوائنٹس ٹیبل پر زلمی کی پوزیشن پانچویں ہے۔
آج ہونے والے مقابلے کے بعد دونوں ٹیمیں مزید دو دو میچز اور کھیلیں گی۔