ایچ بی ایل پاکستان سپر لیگ 8 میں آج کھیلے جا رہے 18 ویں میچ میں سرفراز کے گلیڈیئٹرز اور شاہین کے قلندرز لاہور میں ٹکرائیں گے۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق ایچ بی ایل پاکستان سپر لیگ 8 کے سنسنی خیز مقابلے جاری ہیں اور ایونٹ کا پہلا راؤنڈ فیصلہ کن مرحلے میں داخل ہو رہا ہے۔ بقیہ میچز کے آنے والے نتائج بتائیں گے کہ کس ٹیم کا سفر اگلے مرحلے میں جاری رہے گا اور کون سی ٹیم واپس گھر جائے گی۔
پاکستان میں کھیلے کے سب سے بڑے میلے پی ایس ایل میں آج کوئٹہ گلیڈیئٹرز کا مقابلہ لاہور قلندرز سے ہوگا۔ قذافی اسٹیڈیم میں یہ میچ شام 7 بجے شروع ہوگا۔
لاہور کی ٹیم اب تک رواں ایونٹ میں پانچ میچ میں سے 4 جیت کر پوائنٹس ٹیبل پر سرفہرست ہے جب کہ کوئٹہ گلیڈیئٹرز نے اتنے ہی میچ میں صرف ایک جیت کر اس فہرست میں سب سے نچلے نمبر پر ہے اور اب سرفراز کی ٹیم کے لیے ہر میچ ڈو آر ڈائی کے مترادف ہے۔
کوئٹہ کے گلیڈیئٹرز ایونٹ میں ٹیم کی نازک صورتحال کے پیش نظر آج کا میچ جیتنے کے لیے جان لڑائیں گے تو قلندرز بھی ٹاپ پوزیشن پر برقرار رہنے کے لیے اپنا ہنر آزمائیں گے۔
ایچ بی ایل پاکستان سپر لیگ 8 کے تمام میچز اے اسپورٹس پر براہ راست دکھائے جا رہے ہیں۔