دنیا کی بہترین لیگز میں سے ایک پی ایس ایل کا آئندہ ایڈیشن ہفتے سے شروع ہوگا، ایونٹ کی افتتاحی تقریب کے لیے بھرپور تیاریاں کی جارہی ہیں۔
پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے پی ایس ایل سیزن 9 کا اینتھم گزشتہ دنوں جاری کیا گیا تھا جس میں معروف گلوکار علی ظفر اور آئمہ بیگ نے گلوکاری کے جوہر دکھائے ہیں۔ اینتھم کی تھیم ’کھل کے کھیل‘ ہے جبکہ گانے کے بول ’کھل کے کھیل پیارے کب تو ڈرے گا‘ ہیں۔
پی ایس ایل کی افتتاحی تقریب 17 فروری کو شام ساڑھے چھ بجے لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں منعقد ہوگی جبکہ شائقین کرکٹ کا اسٹیڈیم میں داخلہ دوپہر ساڑھے تین بجے شروع ہوگا۔
عالمی شہرت یافتہ گلوکار علی ظفر، آئمہ بیگ، عارف لوہار اور نوری پی ایس ایل کی افتتاحی تقریب میں اپنے سر بکھیریں گے۔ افتتاحی تقریب میں آتش باری اور لیزر شو کا مظاہرہ بھی کیا جائے گا۔
خیال رہے کہ ایونٹ کے لیے غیرملکی کھلاڑیوں کی آمد کا سلسلہ بھی شروع ہوچکا ہے۔ پہلا میچ 17 فروری کو اسلام آباد یونائیٹڈ اور دفاعی چیمپئن لاہور قلندرز کے درمیان ہوگا۔
شیڈول کے مطابق پی ایس ایل 9 کا آغاز 17 فروری سے ہوگا جبکہ 17 مارچ تک جاری رہنے والے ایونٹ میں 34 میچز کھیلے جائیں گے۔
پی ایس ایل شیڈول کے مطابق پہلے مرحلے میں میچ لاہور اور ملتان میں کھیلے جائیں گے جبکہ دوسرے مرحلے کے میچز کراچی اور راولپنڈی میں ہوں گے۔