منگل, دسمبر 24, 2024
اشتہار

پی ایس ایل 9: ملتان سلطانز کی مسلسل کامیابیوں کے پیچھے کیا راز ہے؟

اشتہار

حیرت انگیز

پاکستان سپر لیگ کے 9 ویں سیزن میں ملتان سلطانز اپنے ابتدائی تینوں میچز جیت کر پوائنٹس ٹیبل پر سرفہرست ہے اس کی مسلسل جیت کا کیا راز ہے سابق کرکٹرز نے بتا دیا۔

پی ایس ایل 9 کے اپنے پہلے میچ میں ملتان سلطانز نے کراچی کنگز کو 55 رنز سے زیر کیا۔ دوسرے میچ میں اسلام آباد کو پانچ وکٹوں سے ہرایا اور گزشتہ روز دفاعی چیمپئن لاہور قلندر کو بھی 5 وکٹوں سے شکست دی۔

تین مسلسل کامیابیوں سے ملتان سلطانز کی اگلے مرحلے میں رسائی آسان ہو گئی ہے۔ ملتان سلطانز کے پاس ایسا کیا جادو ہے یا اس کی مسلسل فتوحات کے پیچھے کیا راز کار فرما ہے اس سے پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتانوں نے پردہ اٹھا دیا ہے۔

- Advertisement -

اے اسپورٹس کے پروگرام دی پویلین میں گفتگو کرتے ہوئے سابق کپتان اظہر علی نے کہا کہ ملتان سلطانز جو مسلسل کامیاب ہو رہے ہیں اس کے لیے وہ علیحدہ سے کچھ خاص نہیں کر رہے ہیں۔ کپتانی سے لے کر پلاننگ تک سب بہت سادہ ہے، وہ وقت پر بہترین فیصلے کر رہے ہیں۔ ان کے بولرز پلاننگ کے ساتھ آرگنائزڈ بولنگ کر رہے ہیں اور حریف بلے بازوں کو کھل کر کھیلنے کا موقع نہیں دے رہے ہیں۔

سابق کپتان مصباح الحق نے کہا کہ کل میچ میں لاہور نے بہت زیادہ باؤنڈریز ملتان کو گفٹ کیں جب کہ ملتان نے اتنی زبردست بولنگ کی کہ ان کے سیٹ بیٹسمیں وینڈر ڈوسن  اور فخر زمان کھڑے تھے اور وکٹیں بھی زیادہ نہیں گری تھیں پھر بھی ان کو کھل کر رنز نہیں بنانے دیے جس کا کریڈٹ ان کو دینا چاہیے۔

 

سابق کپتان محمد حفیظ نے کہا کہ اگر ملتان سلطانز کے چار سال دیکھیں تو ان کی کامیابیوں میں ان کی منیجمنٹ کے بہترین فیصلے بھی سامنے آتے ہیں انہوں نے ٹیم بنانے کے لیے جس شعبے میں جس کی ضرورت تھی اس کو ٹیم میں شامل کیا۔ پہلے سیزن میں محمد رضوان آئے اور ماسٹر کارڈ کے طور پر اپنی پرفارمنس دی۔ دوسرے سیزن میں شاہنواز دھانی، تیسرے میں احسان اللہ اور اب محمد علی کی صورت بہترین کھلاڑی اپنی کارکردگی دکھا رہا ہے جب کہ دوسری اچھی بات ان کے کھلاڑیوں کی ہے کہ منیجمنٹ جو پلاننگ کرتی ہے یہ اس پر عمل کرتے ہیں۔

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں