دنیا کی مقبول ترین لیگز میں سے ایک پاکستان سپر لیگ سیزن 9 کی ٹرافی کی تقریب رونمائی لاہور میں ہوئی چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے نقاب کشائی کی۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) سیزن 9 کی چمچاتی ٹرافی کی تقریب رونمائی لاہور کے پولو گراؤنڈ میں منعقد ہوئی جس میں فرنچائز ٹیموں کے تمام کپتانوں نے شرکت کی جب کہ پی سی بی چیئرمین محسن نقوی نے ٹرافی سے پردہ اٹھایا۔
سلور ٹرافی پر سجے ستارے نے ٹرافی کی خوبصورتی کو چار چاند لگا دیے، جس کو ’دی اورین ‘نام دیا گیا۔ گھڑ سواروں نے ٹیموں کے جھنڈوں کے ساتھ گراؤنڈ میں انٹری دی۔
شان مسعود اور بابر اعظم سمیت تمام کپتانوں نے چمچماتی ٹرافی کے ساتھ تصاویر بنوائیں جب کہ تقریب میں فرنچائز مالکان نے بھی شرکت کی۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ محسن نقوی نے کہا ہماری طرف سے تمام تیاریاں مکمل ہیں۔ امید ہے ٹونامنٹ اچھا رہے گا اور شائقین کرکٹ کو بہترین کرکٹ دیکھنے کو ملے گی۔
واضح رہے کہ پی ایس ایل سیزن 9 کا آغاز ہفتہ 17 فروری سے ہو رہا ہے۔ افتتاحی میچ قذافی سٹیڈیم میں لاہور قلندرز اور اسلام آباد یونائیٹڈ کے درمیان ہو گا۔
پاکستان سپر لیگ کے نویں ایڈیشن میں کل 34 میچز کھیلے جائیں گے، پی ایس ایل شیڈول کے مطابق پہلے مرحلے میں میچ لاہور اور ملتان میں میچز کھیلے جائیں گے جبکہ دوسرے مرحلے کے میچز کراچی اور راولپنڈی میں ہوں گے۔
ایونٹ کا فائنل 17 مارچ کو کراچی میں ہو گا۔