کراچی: ڈی جی آئی ایس پی آرمیجر جنرل آصف غفور نے اپنے ایک پیغام میں کہا ہے کہ شہرِقائد میں نوسال بعد کرکٹ کا بحال ہونا ملک میں امن و امان کی صورتحال کو واضح کرتا ہے۔
تفصیلات کے مطابق ڈی جی آئی ایس پی آر نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے ایک پیغام کہا ہے کہ پی ایس ایل کا فائنل روشنیوں کے شہر میں مزید خوشیاں لایا ہے۔
میجر جنرل آصف غفور کا کہنا تھا کہ پاکستان سپر لیگ کے فائنل پر قوم کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ پی ایس ایل نے پاکستانیوں میں ایک نیا جذبہ پیدا کردیا ہے۔
انہوں نے پی ایس ایل کے کامیاب انعقاد پر وفاقی و صوبائی حکومت، پاکستان کرکٹ بورڈ سیکیورٹی ایجنسیوں اور پر عزم قوم کا شکریہ بھی ادا کیا۔
ڈی جی آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ 9 سال بعد شہر قائد میں کرکٹ کی بحالی کراچی میں امن و امان کی صورتحال کو واضح کرتا ہے۔
پی ایس ایل فائنل: اسٹیڈیم جانےوالےشائقین کےلیےخصوصی ہدایات
انہوں نے کہا کہ ہم پر مسلط کی گئی دہشت گردی کی جنگ آہستہ آہستہ ختم ہورہی ہے اور یہ سب سیکیورٹی اداروں کے جوانوں اور بہادر عوام کی کوششوں اور شہادتوں کا نتیجہ ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ملک امن و استحکام کے راستے پر گامزن ہے،انشااللہ پاکستان میں دیرپا امن واستحکام ضرور قائم ہوگا۔
واضح رہے کہ پاکستان سپرلیگ کے تیسرے ایڈیشن کا فائنل آج کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں دفاعی چیمپئین پشاور زلمی اور اسلام آباد یونائیٹڈ کے درمیان رات 8 بجے کھیلاجائے گا جس کے لیے تمام ترسیکیورٹی انتظامات مکمل کرلیے گئے ہیں۔ کرکٹ کے شائقین کی نیشنل اسٹیڈیم میں آمد کا سلسلہ بھی شروع ہوچکا ہے۔
خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں‘ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کےلیے سوشل میڈیا پرشیئر کریں