پیر, مارچ 24, 2025
اشتہار

پی ایس ایل فائنل، حکومت سمجھ رہی ہے ایک اور ایٹم بم بنالیا، چانڈیو

اشتہار

حیرت انگیز

حیدرآباد: پیپلزپارٹی کے رہنماء مولا بخش چانڈیو نے کہا ہے کہ ایک کرکٹ میچ پرامن گزرا تو حکومت ساری باتیں بھول کر یہ ظاہر کررہی ہے کہ جیسے ایٹم بم بنالیا ہو، حکمرانوں کو کرکٹ پر فخر ہے تو وہ حکومت چھوڑ کر کرکٹ بورڈ سنبھال لیں۔

حیدرآباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مولا بخش چانڈیو نے کہا کہ پی ایس ایل فائنل کے کامیاب انعقاد سے عوام قومی سلامتی کی ناکام پالیسیوں کو نہیں بھولیں گے، حکومت نے ایک میچ کروالیا تو وہ سمجھ رہے ہیں کہ ایٹم بم بنالیا ہو۔

انہوں نے کہا کہ حکومت اپنی ہی پالیسیوں میں ناکام ہوچکی ہے اس لیے اب اُن کا جانا مقصود ہے، حکمران اپنی کرسیاں بچانے کے لیے مختلف ڈرامے کررہے ہیں اور دہشت گردی جو پورے ملک کا مسئلہ ہے اُسے صوبائی مسئلہ کہتے ہوئے اپنی جان چھڑانے کی کوشش کررہے ہیں۔

مولا بخش چانڈیو نے کہا کہ پورا ملک دہشت گردی کی لپیٹ میں ہے اور دہشت گرد سرحد پار سے آرہے ہیں مگر حکومت اسے صوبائی معاملہ کہہ رہی ہے، چوہدری نثار نے خود کہا تھا کہ اگر امن قائم نہ کر پائے تو چلے جائیں گے مگر آج چار سال بعد بھی ملک میں امن قائم نہیں ہوسکا تو حکومت کو چاہیے کہ وہ چلی جائے۔

عمران خان پر تنقید کرتے ہوئے پی پی رہنماء نے کہا کہ چیئرمین تحریک انصاف کو اپنے علاوہ کوئی دوسرا سیاستدان نظر نہیں آتا، وہ پریشان خان ہیں اس لیے انہیں سیاست کی کوئی سمجھ نہیں۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں