کراچی: کرونا وائرس کے پیش نظر پی ایس ایل میں شریک دو غیرملکی کھلاڑی اپنے وطن روانہ ہوگئے۔
تفصیلات کے مطابق کرونا وائرس کے خطرے کے پیش نظر پشاور زلمی کے ویسٹ انڈین کھلاڑی کارلوس بریتھ ویٹ اور ملتان سلطانز کے رائلی روسو بھی وطن روانہ ہوگئے۔
رائلی روسو کا کہنا تھا کہ بدقسمتی سے پی ایس ایل کا مزید حصہ نہیں ہوں گا، ملتان سلطانز کی نمائندگی کرنا میرے لیے اعزاز کی بات ہے، پاکستانیوں کی میزبانی پر ان کا شکریہ ادا کرتا ہوں، پی ایس ایل میں شرکت یادگار تجربہ رہا۔
واضح رہے کہ پی سی بی نے کرونا وائرس کے پیش نظر پاکستان سپر لیگ فائیو میں شامل تمام غیرملکی کھلاڑیوں کو واپس جانے کی پیشکش کی تھی۔
مزید پڑھیں: کرونا وائرس، بنگلہ دیش کرکٹ ٹیم کا دورہ پاکستان منسوخ
پی سی بی کا کہنا تھا کہ پی ایس ایل ٹیمیں انٹرنیشنل کھلاڑیوں کے بجائے مقامی کھلاڑیوں کو لے سکتی ہیں۔
پشاور زلمی کی ٹیم میں حماد اعظم کو شامل کیے جانے کا امکان ہے اور پی ایس ایل کے نئی پلیئنگ کنڈیشنز کے مطابق ٹیمیں مقامی کھلاڑیوں کو شامل کرسکتی ہیں۔
یاد رہے کہ بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ نے بھی کرونا وائرس کے پیش نظر ٹیم کو پاکستان نہ بھیجنے کا فیصلہ کیا ہے جس کے سبب تیسرے مرحلے کے تمام میچز منسوخ ہوگئے ہیں۔