پی ایس ایل کے سنسنی خیز میچز جاری ہیں لیکن سابق کرکٹرز انہیں اسٹیڈیم جا کر دیکھنے سے محروم ہیں جس پر انہوں نے کرکٹ بورڈ سے شکوہ کیا ہے۔
ایچ بی ایل پاکستان سپر لیگ کے سنسنی خیز میچز نے کرکٹ کے ہر شائق کو اپنے سحر میں مبتلا کر رکھا ہے اور سب کی خواہش ہے کہ وہ اسٹیڈیم جا کر میچز دیکھیں تاہم پی سی بی نے ایونٹ کے آغاز سے قبل ہی فری پاسز اور ٹکٹس پر پابندی لگا دی تھی جس سے سابق قومی کرکٹرز بھی متاثر ہوئے ہیں۔
اے آر وائی کی پی ایس ایل ٹرانسمیشن میں شریک سابق قومی وکٹ کیپر بیٹر کامران اکمل سے جب میچ اسٹیڈیم میں جاکر دیکھنے کی بات ہوئی تو ان کا کہنا تھا کہ میچ دیکھنے کیسے جاؤں، کرکٹ بورڈ نے پاس ہی نہیں بھیجا۔
کامران اکمل نے شکوہ کیا کہ پاکستان کرکٹ بورڈ سابق کھلاڑیوں کو بھول گیا ہے۔ ٹکٹس کے لیے رابطہ کرنے پر جس طرح دوسری جانب سے بات کی گئی اس پر بہت افسوس بھی ہوا۔
انہوں نے چیئرمین پی سی بی محسن نقوی اور چیف سلیکٹر کو اس معاملے کا فوری نوٹس لے کر ذمے دار افراد کو ’شٹ اپ کال‘ دینے کا مطالبہ کیا۔
واضح رہے کہ اس سے قبل پی سی بی کی روایت رہی ہے کہ وہ ملک میں ہونے والے بڑے کرکٹ ایونٹ کے لیے سابق قومی کرکٹرز کو خصوصی پاسز بھیجتا رہا ہے۔