دبئی: پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین نجم سیٹھی نے کہا ہے کہ پی ایس ایل کی کل ہونے والی رنگا رنگ افتتاحی تقریب میں فنکاروں کی پرفارمنس کو شائقین کرکٹ مدتوں یاد رکھیں گے، معروف صوفی گلوکارہ پہلی بار تقریب میں اپنی آواز کے سر بکھیریں گی۔
تفصیلات کے مطابق دبئی میں فنکاروں کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے چیئر مین پی سی بی کا کہنا تھا کہ پی ایس ایل کی افتتاحی تقریب میں معروف صوفی گائیک عابدہ پروین بھی پہلی بار اپنی سر بکھیریں گی جن کی آواز پر نہ صرف پاکستانی بلکہ غیر ملکی بھی جھوم اٹھتے ہیں۔
اُن کا کہنا تھا کہ سپرلیگ کے تیسرے ایڈیشن کی افتتاحی تقریب رنگا رنگ ہوگی اور اسے شائقین کرکٹ مدتوں یاد رکھیں گے کیونکہ نامور فنکار اور گلوکار اپنی آواز کا جادو جگائیں گے۔
واضح رہے کہ پاکستان سپر لیگ کی افتتاحی تقریب دبئی اسٹیڈیم میں جمعرات کے روز منعقد کی جائے گی جس میں نامور صوفی گلوکارہ عابدہ پروین سمیت دیگر نامور گلوکار اپنے فن کا مظاہرہ کریں گے۔
نجم سیٹھی کے ہمراہ پریس کانفرنس کرنے والے گلوکار علی ظفر نے کہا کہ پی ایس ایل ہماری اپنی لیگ ہے، میں افتتاحی تقریب میں 30 میٹر تک ہوا میں اڑنے کا مظاہرہ کروں گا اور پی ایس ایل سیزن کے تیسرے گانے پر پرفارم کروں گا‘۔
کراچی کنگز کا نغمہ گانے والے سنگر شہزاد رائے نے کہا کہ کرکٹ کے ذریعے قوم میں انقلاب لایا گیا، پی ایس ایل کا فائنل کراچی میں ہوگا جس کے لیے تیاری کرنی ہے۔
شہزاد رائے کا کہنا تھا کہ کرکٹ کی وجہ سے ہمارے معاشرے میں جذبہ اور تبدیلی آئی جو بہت اچھی روایت ہے، پی ایس ایل نے ہماری سوسائٹی میں اہم کردار ادا کیا۔
اُن کا کہنا تھا کہ جمعرات کے روز عابدہ پروین کے ساتھ مل کر پرفارم کریں گے، اس بار افتتاحی تقریب صوفی موسیقی کے رنگوں سے بھری ہوگی۔