کراچی: پاکستان سپر لیگ کے لئے کھلاڑٖیوں کی ڈرافٹنگ پیر اور منگل کو لاہور میں ہوگی، آئیکون پلئیرز پر تمام ٹیموں کی نگاہیں مرکوز ہیں۔
پاکستان کی پہلی لیگ پی ایس ایل میں کون سے کھلاڑی کس ٹیم کی نمائندگی کریں گے فیصلہ اکیس اور بائیس دسمبر کو ہوگا،پی سی بی نے ایک سو سنتیس غیر ملکی اور ایک سو اکھتر پاکستانی کھلاڑیوں کو پانچ کٹیگریز میں ڈرافٹنگ کے لئے پیش کیا ہے۔
سب سے پہلے آئیکون پلئیرز کی ڈرافٹنگ ہوگی جس میں پہلے انتخاب کا اختیار اسلام آباد کی ٹیم کو ہوگا جس کے بعد کراچی کی باری آئے گی، آئیکون پلئیرز میں پاکستان کے شاہد آفریدی، اور سابق کپتان شعیب ملک کے علاوہ کرس گیل ، کیون پیٹرسن اور شین واٹسن شامل ہیں۔
آل راونڈر عبدالرزاق کو گولڈ کٹیگری میں شامل کرلیا گیا ہے، پی سی بی کے مطابق ہر ٹیم کو ٹاپ تھری کٹیگری میں سے تین کھلاڑیوں کاانتخاب کرنا لازمی ہے، جبکہ ہر ٹیم میں دو ایمرجنگ کھلاڑیوں کو بھی موقع دینا ضروری ہوگا۔