جمعرات, دسمبر 5, 2024
اشتہار

فائنل میں جانے کا جنون، قلندرز اور زلمی آج ٹکرائیں گے

اشتہار

حیرت انگیز

لاہور قلندرز اپنے اعزاز کے دفاع کیلیے ایک قدم آگے بڑھائیں گے یا پھر پشاور زلمی ایک بار پھر چیمپئن بننے کی کوشش کے لیے فائنل میں جگہ بنائے گا فیصلہ آج ہوجائے گا۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق پاکستان سپر لیگ کا کامیاب آٹھواں سیزن بھی اختتام کی جانب گامزن ہے۔ رواں ایونٹ میں شائقین کرکٹ کو جہاں کئی اعصاب شکن اور سنسنی خیز میچز دیکھنے کو ملے وہیں کچھ میچز ٹیموں نے یکطرفہ مقابلے کے بعد جیتے۔ آج دوسرا ایلیمینٹرز کھیلا جائے گا جس کی فاتح ٹیم ٹرافی کے حصول کے لیے کل ملتان سلطانز سے فائنل کی جنگ لڑے گی۔

آج قذافی اسٹیڈیم میں ایک بار پھر چھکوں چوکوں کی برسات ہوگی اور وکٹیں بھی اڑیں گی۔ فائنل میں جانے کا جنون لیے دفاعی چیمپئن لاہور قلندرز اور پشاور زلمی میدان میں اتریں گی۔

- Advertisement -

لاہور قلندرز اپنے اعزاز کے دفاع کیلیے ایک قدم آگے بڑھائیں گے یا پھر پشاور زلمی ایک بار پھر چیمپئن بننے کی کوشش کے لیے فائنل میں جگہ بنائے گی۔ اس کے لیے مخالف ٹیم کو زیر کرنا لازمی ہوگا۔ فاتح ٹیم کل ملتان سلطانز سے مقابلہ کرے گی اور ہارنے والی ٹیم خالی ہاتھ گھر کو واپس لوٹے گی۔

رواں پی ایس ایل میں گروپ اسٹیج کی ٹاپ ٹیم لاہور قلندرز کو کوالیفائر میں ملتان سلطانز سے بڑی شکست کا سامنا کرنا پڑا تو گزشتہ روز پشاور زلمی نے اسلام آباد یونائیٹڈ کو دلچسپ مقابلے کے بعد ہرا کر دوسرے ایلیمینٹر میں جگہ بنائی۔

گزشتہ شکست کے بعد جہاں قلندرز چوکنے ہیں تو وہیں زلمی کے بھی گزشتہ روز پہلے ایلیمینٹر میں مضبوط اسلام آباد کو ہرا کر حوصلے بلند ہیں اور وہ ہار ماننے کو تیار نہیں تاہم آج کے میچ میں کسی بھی ٹیم کے پاس غلطی کی کوئی گنجائش نہیں ہوگی۔

دونوں ٹیموں کے باہمی مقابلوں پر نظر ڈالی جائے تو پشاور زلمی کو 17 میں سے 10 میچز جیت کر برتری حاصل ہے جب کہ رواں ایونٹ کے گروپ اسٹیج میں دونوں ٹیموں نے ایک دوسرے کے خلاف ایک ایک میچ جیت رکھا ہے۔

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں