لاہور: پنجاب حکومت نے پی ایس ایل 3 کے قذافی اسٹیڈیم میں ہونے والے مقابلوں کے پیش نظر فول پروف سیکیورٹی انتظامات کی تیاریاں شروع کردیں۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان سپر لیگ کے تیسرے ایڈیشن کے 20 اور 21 مارچ کو لاہور میں ہونے والے میچیز کی سیکیورٹی کے لیے تیاریوں کا آغاز کر دیا، سیکیورٹی کے لیے درکار سامان کی فراہمی کے لیے حکومت نے متعلقہ محکموں کو خط ارسال کردیے۔
پولیس ذرائع کے مطابق پی ایس ایل 3 میں گذشتہ دو سیزن کے مقابلے میں رواں سال بہترین سیکیورٹی فراہم کی جائے گی، اس ضمن مین ڈی آئی جی نے اہلکاروں کی تعیناتی کے لیے آئی جی کو خط ارسال کردیا۔ ذرائع کے مطابق مختلف محکموں کو ارسال کیے گئے خط میں ڈیوٹی پر تعینات اہلکاروں کے لیے اسلحہ (ایل ایم جیز اور دیگر جدید مشین گنز) فراہمی کی کا مطالبہ کیا گیا ہے۔
مزید پڑھیں: پی ایس ایل فائنل، ٹکٹس کی تفصیلات جاری
میچ کے دوران اسٹیڈیم اور اُس کے اطراف 18 ہزار اہلکار تعینات کیے جائیں گے علاوہ ازیں جن ہوٹلز میں کھلاڑی قیام پذیر ہوں گے وہاں پولیس کے خصوصی دستے تعینات کیے جائیں گے، لاہور کے علاوہ دیگر شہروں کے ڈی پی اوز کو بھی سیکیورٹی کے لیے طلب کیا جائے گا۔
یاد رہے کہ پاکستان سپر لیگ کے تیسرے ایڈیشن کا آغاز 22 فروری سے دبئی میں ہوا جو 25 مارچ تک جاری رہیں گے۔ پی ایس ایل کا پہلا مرحلہ کامیابی سے مکمل ہوچکا جبکہ دوسرے مرحلے میں ٹیموں کے مابین مقابلے جاری ہیں۔
خیال رہے کہ پی ایس ایل سیریز کے تیسرے ایڈیشن کے سیمی فائنل 20 اور 21 مارچ کو لاہور میں کھیلے جائیں گے جبکہ فائنل کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں 25 مارچ کو کھیلا جائے گا جس کی تیاریاں زور و شور سے جاری ہیں۔
خیال رہے کہ گزشتہ روز کراچی میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین نجم سیٹھی کا کہنا تھا کہ غیر ملکی کھلاڑی پاکستان آنے پرمطمئن ہیں، پاکستان سپر لیگ کا فائنل کراچی میں ہی ہوگا۔