شارجہ : پی ایس ایل کے میچ میں لاہور قلندرز نے اسلام آباد یونائیٹڈ کو ایک وکٹ سے شکست دے دی، عمر اکمل 66رنز کے ساتھ نمایاں رہ کر مین آف دی میچ قرار پائے ۔
تفصیلات کے مطابق شارجہ کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے جا نے والے پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے 14 ویں میچ میں سنسنی خیز مقابلے کے بعد لاہور قلندر نے اسلام آباد یونائیٹڈ کو ایک وکٹ سے ہرا دیا۔گرانٹ ایلیٹ نے چھکا لگا کر لاہور قلندرز کو شاندار کامیابی دلوائی۔
ہدف کے تعاقب میں لاہور قلندرز کاآغازمایوس کن تھا، کوئی بھی بلےباز بڑی اننگز نہ کھیل پایا۔ گرانٹ نے سترہ گیندوں پر چھبیس رنزبنائے۔
لاہور قلندر نے اسلام آباد کے 146 رنز کا ہدف 9 وکٹوں پر حاصل کیا، لاہور قلندرز کے عمراکمل چھیاسٹھ رنز کے ساتھ نمایاں رہے، عمر اکمل نے زبردست بیٹنگ کی لیکن شاداب خان کی گیند پر آؤٹ ہو گئے۔
اس سے قبل اسلام آباد یونائیٹڈ نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 145 رنز بنائے۔ نوجوان کھلاڑی شاداب خان نے شاندار بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے بیالیس رنز بنائے اور ناٹ آؤٹ رہے۔
لاہورقلندرز کی جانب سے عامر یامین 3 وکٹیں لے کر کامیاب باؤلر رہے۔ دیگر گیند بازوں میں یاسر شاہ نے 2 جبکہ سہیل تنویر اور سنیل نارائن نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔ لاہور قلندر کے عمر اکمل کو مین آف دی میچ قرار دیا گیا۔