لاہور : اسپاٹ فکسنگ کیس میں معطل ہونے والے کرکٹر شاہ زیب حسن نے اپنے اوپر لگنے والے الزامات کو چیلنج کرنے اور ٹربیونل میں جانے کا فیصلہ کرلیا۔
تفصیلات کے مطابق اسپاٹ فکسنگ کیس میں قومی کرکٹ ٹیم کے کھلاڑی شاہ زیب حسن نے خود پر لگنے والے الزامات چیلنج کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے، انہوں نے پی سی بی کی جانب سے دی جانے والی چارج شیٹ میں لگائے گئے تین الزامات کا قانونی جواب بھی تیار کرلیا۔
شاہ زیب حسن کا کہنا ہے انہوں نے کسی کو نہیں اکسایا،جوجانتے تھے وہ بتادیا، یاد رہے کہ پی سی بی اینٹی کرپشن یونٹ نے گزشتہ روز شاہ زیب کا مؤقف سننے کے بعد ان کو معطل کردیا اورچارج شیٹ بھی جاری کر دی تھی۔ جبکہ شاہ زیب حسن کو جواب دینے کے لئے 14روز کی مہلت دی گئی تھی۔
ذرائع کے مطابق شاہ زیب نے اب ٹربیونل میں جانے کا فیصلہ کیا ہے۔ شاہ زیب نے اس حوالے سے تحریری جواب بھی تیارکرلیا ہے، تحریری جواب میں شاہ زیب نے کرکٹ بورڈ کو ہرممکن مدد کرنے کی یقین دہانی کرائی ہے۔
ادھر ٹربیونل نے پی سی بی اینٹی کرپشن کوڈ کی تفصیلات طلب کرلی ہیں۔ ٹربیونل آئندہ ہفتے سے کیس کی کارروائی کاآغازکرے گا۔
خیال رہے کہ چیئرمین پی سی بی شہریار خان پہلے ہی واضح کرچکے ہیں کہ اسپاٹ فکسنگ میں ملوث کھلاڑیوں کو کوئی رعایت نہیں ملے گی، جس کھلاڑی نے کرپشن کی وہ اپنا کیرئیر ختم سمجھے۔