لاہور : اسپاٹ فکسنگ میں کرکٹر محمد عرفان اور شاہ زیب حسن کو پی سی بی نے پیشی کیلئے سمن جاری کردیئے، دونوں کھلاڑی پیر اور منگل کو علیحدہ علیحدہ پی سی بی اینٹی کرپشن یونٹ میں اپنا بیان ریکارڈ کرائیں گے جس کے بعد مزید کارروائی کا فیصلہ کیا جائے گا۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ نے اسپاٹ فکسنگ اسکینڈل کے سلسلے میں محمد عرفان اور شاہ زیب حسن کو طلب کرلیا ہے، دونوں کرکٹرز کو پیش ہونے کے لیے باقاعدہ سمن جاری کردیئے گئے ہیں۔
پی سی بی کے میڈیا ڈائریکٹر کے مطابق پیر کو محمد عرفان اور منگل کو شاہ زیب حسن سے پوچھ گچھ کی جائے گی۔ دونوں کھلاڑیوں کےخلاف اگر ثبوت ملے تو انہیں بھی نوٹس جاری کردیا جائےگا۔
محمد عرفان کےخلاف پاکستان سپرلیگ کے دوران بھی تحقیقات کی گئی تھیں تاہم محمد عرفان ابھی تک کلیئر نہیں ہوئے ہیں، دونوں کرکٹرزدورہ ویسٹ انڈیز کے لئے لگائے جانے والے کیمپ میں اب تک شامل نہیں ہوئے ہیں۔
مزید پڑھیں : پی ایس ایل فکسنگ، محمد عرفان اور شاہ زیب سے تحقیقات کا فیصلہ
اس سے قبل اسپاٹ فکسنگ اسکینڈل منظرعام پر آنے کے بعد پی سی بی شرجیل خان اور خالد لطیف کو معطل کرچکا ہے۔ اس کے علاوہ ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر پاکستان کرکٹ بورڈ قومی ٹیم کے اوپنر ناصر جمشید کو بھی معطل کیا جا چکا ہے۔ اسپاٹ فکسنگ کیس کی تحقیقات پی سی بی کا قائم کردہ ٹریبونل کرےگا۔