حیدر آباد : اسپاٹ فکسنگ اسکینڈل میں معطل ہونے والے کھلاڑی شرجیل خان نے حیدرآباد کے نیاز اسٹیڈیم میں پریکٹس کی قانونی طور پر معطل کھلاڑی پی سی بی کی کسی بھی قسم کی سہولیات سے فائدہ نہیں اٹھا سکتا، بیٹنگ کے دوران شرجیل نے میڈیا سے بات کرنے سے انکار کردیا۔
تفصیلات کے مطابق پی ایس ایل اسپاٹ فکسنگ کے الزام میں معطل ہونے والے حیدرآباد کے کرکٹر شرجیل خان نے کرکٹ کے میدان میں دبنگ انٹری دے دی، کئی دنوں سے غائب شرجیل خان حیدرآباد کے نیاز اسٹیڈیم پہنچے اور وہاں نیٹ پر پریکٹس کرتے رہے۔
بائیں ہاتھ کے ہارڈ ہٹنگ بیٹسمین شرجیل نیٹ پریکٹس میں بولرز کو زور دار شاٹس لگاتے رہے، ان کی بیٹنگ سے لگ رہا تھا کہ وہ اپنا غصہ نکال رہے ہوں۔ پریکٹس کے دوران اے آر وائی نیوز کے نمائندے نے شرجیل خان سے بات کرنے کی بھی کوشش کی، لیکن شرجیل نے صاف انکار کردیا۔
یاد رہے کہ پی سی بی قواعد وضوابط کے مطابق کوئی بھی معطل کرکٹر پی سی بی کی کوئی بھی سہولت سے فائدہ نہیں اٹھا سکتا، لیکن شرجیل نے نیٹ پر پریکٹس کی اور وہ بھی قومی ٹیم کا ہیلمٹ پہن کر۔
واضح رہے کہ پی سی بی اس غیرقانونی اقدام پر شرجیل خان اور حیدرآباد ریجن کے خلاف کاروائی کر سکتا ہے۔