لاہور: ایچ بی ایل پی ایس ایل سیزن 10 کا فائنل آج کوئٹہ گلیڈی ایٹرز اور لاہور قلندرز کے درمیان کھیلا جائے گا۔
پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) سیزن 10 کا ٹائٹل کس کے سر سجے گا اس کا فیصلہ آج لاہور میں ہوگا، دو بار کی چیمپئن لاہور قلندرز اور 2019 کی فاتح کوئٹہ گلیڈی ایٹرز پہلی بار فائنل میں ٹکرائے گی۔
رپورٹ کے مطابق فائنل مقابلے کے لیے ٹیمیں تیاری نہ کرسکیں، کل لاہور میں تیز آندھی اور بارش کے سبب پریکٹس سیشن منسوخ کردیا گیا جبکہ کپتانوں کا ٹرافی کے ساتھ فوٹو سیشن بھی میدان کے بجائے ہوٹل میں ہوا۔
کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی ٹیم اس وقت شاندار فارم میں نظر آرہی ہے، گلیڈی ایٹرز نے پہلے راونڈ میں سات میچ جیتے اور کوالیفائر راؤنڈ میں اسلام آباد کو ہرا کر سیدھا فائنل میں جگہ بنائی۔
دوسری جانب شاہین شاہ آفریدی کی ٹیم نے بھی کمال کردیا اور لگاتار تین ڈو آر ڈائی میچز جیت کر چوتھی بار فائنل میں جگہ بنائی۔
پاک بحریہ کو خراج تحسین
ایچ بی ایل پی ایس ایل فائنل میں پاک بحریہ کو خراج تحسین پیش کیا جائے گا، اس سے قبل آرمی اور فضائیہ کو بھی خراج تحسین پیش کیا جا چکا ہے، پی سی بی حکام کے مطابق قذافی اسٹیڈیم میں فائنل میچ کی اننگز کے وقفے میں خصوصی تقریب ہو گی۔