کراچی: پی ایس ایل فور کا فائنل تو کراچی میں کھیلا گیا لیکن پورا ملک کرکٹ کے رنگ میں رنگ گیا۔ اسلام آباد، کوئٹہ، پشاور اور دیگر شہروں میں کرکٹ کے دیوانوں کی بڑی تعداد نے بڑی اسکرین پر میچ دیکھا۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان سپر لیگ سیزن فور کے فائنل کا ٹاکرا کراچی میں ہوا لیکن جوش و خروش پورے ملک میں دیکھا گیا، ہر طرف کرکٹ کے رنگ چھا گئے، بیشتر شہروں میں بڑی تعداد میں کرکٹ کے دیوانوں نے جمع ہوکر بڑی اسکرین پر میچ دیکھا۔
اسلام آباد میں بھی بڑی اسکرین لگائی گئی، شائقین کی بڑی تعداد جمع ہوئی، کوئی پشاور کا دیوانہ تھا تو کوئی کوئٹہ کا پرستار نکلا، ایک بچے نے تو کمال کر دیا پشاور کی شرٹ پہنے کوئٹہ کو سپورٹ کی اور بتایا شرٹ امی نے پہنا دی۔
کوئٹہ کے ایوب اسٹیڈیم میں بڑی اسکرین نصب کی گئی اور پرجوش شائقین نے میچ کے ایک ایک بال سے لطف اٹھایا، سب کو یقین تھا کوئٹہ ہی جیتے گا، کوئٹہ کی جیت پاکستان کی جیت ہے۔
پشاور میں یادگار چوک پر بڑی اسکرین لگا کر پی ایس ایل فائنل کو یادگار بنایا، شائقین انتہائی پر جوش نظر آئے، دلوں کی دھڑکنیں بار بار تیز ہوتی رہیں۔
کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے پہلی بار پی ایس ایل ٹائٹل جیت لیا، زلمی کو 8 وکٹوں سے شکست
پاکستان نے پی ایس ایل فور کے اہم میچز اور فائنل کا میدان سجا کر پوری دنیا کو پیغام دے دیا کہ ہمارا ملک پر امن اور دہشت گردوں سے پاک ہے۔