منگل, مئی 13, 2025
اشتہار

پی ایس ایل 4 :‌ کراچی کنگز کی فتح، پلے آف تک رسائی

اشتہار

حیرت انگیز

ابوظہبی: پاکستان سپرلیگ کے 24ویں میچ اور انتہائی اہم میچ میں کراچی کنگز نے ملتان سلطانز کو شکست دے کر پلے آف مرحلے تک رسائی حاصل کرلی۔

تفصیلات کے مطابق پی ایس ایل چوتھے مرحلے میں داخل ہوگیا جس کے تحت آج کا دوسرا میچ کراچی کنگز اور ملتان سلطانز کی ٹیموں کے مابین ابوظہبی کے انٹرنیشنل اسٹیڈیم میں کھیلا گیا۔

کراچی کنگز کے کپتان کی دعوت پر ملتان سلطانز نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 118 رنز بنائے، حماد اعظم 29 اور شعیب ملک 26 کے ساتھ نمایاں بلے باز رہے جبکہ کراچی کنگز کے باؤلرز عثمان شنواری نے 4 اور عمر خان نے تین وکٹیں حاصل کیں۔

ہدف کے تعاقب میں کراچی کنگز کی جانب سے بیٹنگ کا آغاز بابر اعظم اور کولن منرو نے کیا، عماد الیون کی پہلی وکٹ 21 کے مجموعی اسکور پر گری، آؤٹ ہونے والے کھلاڑی منرو تھے جنہوں نے 11 رنز بنائے۔

چھٹے اوور میں بابر اعظم 36 کے مجموعی اسکور پر آؤٹ ہوئے، بعد ازاں انگرام اور لیونگ اسٹون نے محتاط انداز میں بیٹنگ کرتے ہوئے اسکور کو آگے بڑھایا، 82 کے مجموعی اسکور پر انگرام اور افتخار احمد آؤٹ ہوئے جبکہ 112 پر محمد رضوان آؤٹ ہوئے۔

کراچی کنگز نے آخری اوور کی دوسری بال پر 5 وکٹوں سے فتح اپنے نام کی، لیونگ اسٹون نے چھکا مار کر نہ صرف ٹیم کو فتح دلوائی بلکہ اپنی نصف سنچری بھی مکمل کی۔

کراچی کنگز کےلیونگ اسٹون نےناقابل شکست53رنز کی اننگز کھیلی جبکہ انگرام 31 کے ساتھ دوسرے نمایاں بلے باز رہے، ملتان سلطانز کے محمد الیاس نے تین کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

قبل ازیں  ملتان سلطانز نے پہلے بیٹنگ کی تو انہیں اچھا آغاز نہ مل سکا اور عثمان شنواری نے عمر صدیق کو 5 کے مجموعی اسکور پر پویلین کی راہ دکھائی، اگلے ہی اوور میں جے چارلیس بھی شنواری کا شکار بنے۔

ملک الیون کے تیسرے کھلاڑی جیمز ونس کو عمر خان نے چوالیس کے مجموعی اسکور پر کلین بولڈ کر کے پویلین کی راہ دکھائی، کپتان شعیب ملک 26 کے انفرادی اور 75 کے مجموعی اسکور پر آؤٹ ہوئے 6 رنز اضافے کے بعد کرسچن بھی عمر خان کا شکار بنے۔

حماد اعظم اور عرفان کو عثمان شنواری نے اپنے چوتھے اوور کی آخری دو گیندوں پر پویلین کی راہ دکھائی، 18 اوورز کے اختتام تک ملتان سلطانز نے 7 وکٹوں کے نقصان پر 104 رنز اسکور کیے۔

عثمان شنواری کو شاندار باؤلنگ کرانے پر مین آف دی میچ کا اعزاز دیا گیا۔

ملتان سلطانز کا کوئی بھی کھلاڑی زیادہ دیر تک وکٹ پر نہ رک سکا، حماد اعظم 29 اور کپتان شعیب ملک 26 کے ساتھ نمایاں بلے باز رہے جبکہ ملک الیون کے چار کھلاڑی ڈبل فیگرز میں بھی داخل نہ ہوسکے۔

وکٹیں گرنے کی ترتیب

سلطانز کی وکٹیں بالترتیب 5، 17، 44، 75، 81، 102، 102 پر گریں

کرکٹ کی دنیا میں ابھرتے ہوئے کراچی کنگز کے کھلاڑی عمر خان نے چار اوورز میں بائیس رنز دے کر تین کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ عثمان شنواری نے چار اوورز میں 15 رنز دے کر چار وکٹیں حاصل کیں۔

اسکواڈ

کراچی کنگز

بابر اعظم، کولن منرو، کولن انگرام، لیام لیونگ اسٹون، افتخار احمد، محمد رضوان، عماد وسیم (کپتان)، آرون سمرز، عامر یامین، عمرخان، عثمان شنواری

ملتان سلطانز

جیمز ونس، عمر صدیق (وکٹ کیپر)، جانسن چارلس، شعیب ملک (کپتان)، حماد اعظم، ڈینئل کرسچن، محمد الیاس، محمد عباس، کرس گرین ، عرفان خان

محمد عامر کی وطن واپسی

فاسٹ باؤلر محمد عامر کی والدہ شدید علیل اور انتہائی نگہداشت وارڈ میں داخل ہیں جس کے باعث وہ دبئی سے وطن واپس آرہے ہیں، کراچی کنگز کی انتظامیہ نے انہیں پاکستان جانے کی اجازت دے دی۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں