بدھ, جون 26, 2024
اشتہار

پی ایس ایل 4: مصباح کی شاندار بیٹنگ، زلمی کے ہاتھوں‌ قلندرز کو شکست

اشتہار

حیرت انگیز

ابوظہبی: پاکستان سپرلیگ سیزن فور کے 25ویں میچ میں مصباح الحق کی شاندار بیٹنگ کی بدولت پشاور زلمی نے لاہور قلندرز کو 6 وکٹوں سے شکست دے کر فتح اپنے نام کرلی۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان سپرلیگ کا 25 واں میچ ابوظہبی کے شیخ زاہد اسٹیڈیم میں پشاور زلمی اور لاہور قلندرز کی ٹیموں کے مابین کھیلا گیا۔

پشاور زلمی کے کپتان ڈیرن سیمی نے ٹاس جیت کرپہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کرتے ہوئے لاہور قلندرز کو بیٹنگ کی دعوت دی۔ لاہور قلندرز نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 124 رنز اسکور کیے۔

- Advertisement -

ہدف کے تعاقب میں پشاور زلمی کو ابتدا سے ہی مشکلات کا سامنا کرنا پڑا، امام الحق 6 کے مجموعی اسکور پر پویلین روانہ ہوئے، بعد ازاں کامران اکمل 8، عمر امین اور ڈاؤسن 12 کے مجموعی اسکور پر پویلین لوٹ گئے تھے۔

کیورن پولارڈ بھی 8 رنز اضافے کے بعد 20 کے مجموعی اسکور پر کلین بولڈ ہوئے، بعد ازاں کپتان ڈیرن سیمی اور مصباح الحق نے محتاط انداز میں بیٹنگ کرتے ہوئے شراکت داری قائم کی اور اپنی ٹیم کو فتح کے قریب لے گئے۔

پشاور زلمی کے کھلاڑیوں اور ٹیم مینیجمنٹ نے مصباح الحق کی واپسی پر سلیوٹ مار کر اُن کا استقبال کیا۔

پشاور زلمی کے کپتان ڈیرن سیمی آخری اوور میں نصف سنچری سے چار قدم دور آؤٹ ہوئے جبکہ مصباح الحق نے 55 گیندوں کا سامنا کرتے ہوئے 2 چھکوں اور 4 چوکوں کی مدد سے 59 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی۔

زلمی کی جانب سے مصباح 59 ، کپتان سیمی 46 کے ساتھ نمایاں بلے باز جبکہ شاہین شاہ آفریدی 3 وکٹیں لے کر نمایاں گیند باز رہے۔

قبل ازیں پشاور زلمی کی دعوت پر لاہور قلندرز نے بیٹنگ کا آغاز کیا تو حارث سہیل کے علاوہ کوئی بھی کھلاڑی خاطر خواہ کارکردگی نہ دکھا سکھا، زمان الیون کی پہلی وکٹ 12 ،  دوسری 18،  تیسری 36،  چوتھی 54، پانچویں 86، چھٹی 99 اور ساتویں 108 کے مجموعی اسکور پر گری۔

قلندرز کی جانب سے حارث سہیل 43 ڈی ویسی 26 اور عمیر مسعود 22 بنا کر نمایاں بلے باز رہے جبکہ پشاور زلمی کے ٹائمل ملز نے3 ، ثمین گل نے 2 ، وہاب ریاض اور ڈاؤسن نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

پوائنٹس ٹیبل پر پشاور زلمی 10 پوائنٹس کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہےجبکہ لاہور کی ٹیم 6 پوائنٹس کے ساتھ پانچویں پوزیشن پر ہے۔

پشاور زلمی نے پلیئنگ الیون میں 2 تبدیلیاں جبکہ لاہور قلندرز نے 5 کھلاڑی تبدیل کیے ہیں۔

Comments

اہم ترین

عمیر دبیر
عمیر دبیر
محمد عمیر دبیر اے آر وائی نیوز میں بحیثیت سب ایڈیٹر اپنے فرائض انجام دے رہے ہیں

مزید خبریں