لاہور: قومی کرکٹ بورڈ نے پاکستان سپرلیگ کے پانچویں ایڈیشن کا شیڈول تیار کرلیا جس کا باقاعدہ اعلان یکم جنوری کو کیا جائے گا۔
ذرائع کے مطابق پی ایس ایل فائیو کی افتتاحی تقریب اور پہلا میچ کراچی جبکہ فائنل لاہور میں کھیلا جائے گا، رواں سال ہونے والے ایڈیشن کے تمام میچز پاکستان کے چار بڑے شہروں میں کھیلے جائیں گے۔
ذرائع کے مطابق پی ایس ایل کا آغاز 20 فروری سے ہوگا اور میچز 22 مارچ تک جاری رہیں گے، لاہور، کراچی، راولپنڈی اور ملتان میں ٹیمیں مد مقابل ہوں گی۔ پی ایس ایل فائیو کے زیادہ میچز کی میزبانی کا اعزاز قذافی اسٹیڈیم کے پاس جائے گا۔
یاد رہے کہ پی ایس ایل فائیو کے کھلاڑیوں کی ڈرافٹنگ کا عمل 6 دسمبر کو مکمل ہوا، لیگ میں حصہ لینے والی تمام فرنچائزز کے مالکان نے اپنے اپنے پسندیدہ کھلاڑیوں کا انتخاب کیا۔
مزید پڑھیں: پی ایس ایل فائیو ڈرافٹنگ مکمل، کراچی کنگز نے باصلاحیت کھلاڑی چُن لیے
یہ بھی یاد رہے کہ دنیائے کرکٹ کے نامور کھلاڑی رواں سیزن میں پاکستان آکر کھیلنے کو تیار ہیں، انگلینڈ کے 7، جنوبی افریقا کے 6، ویسٹ انڈیز کے 5، آسٹریلیا اور افغانستان کے تین تین، سری لنکا کے دو جبکہ نیپال اور نیوزی لینڈ کے ایک ایک کھلاڑی ایکشن میں نظر آئیں گے۔
دفاعی چیمپئن انگلینڈ کے معین علی، ہیری گرنی، ایلکس ہیلز، کرس جارڈن، لیام پلنکٹ، عادل رشید اور جیسن رائے نے بھی پاکستان میں کھیلنے کی حامی بھر لی، اسی طرح نیپال کے سندیپ لمیچانے اورنیوزی لینڈ کے کولن منرو بھی پی ایس ایل میں ایکشن دکھائیں گے۔
جنوبی افریقاکی ٹیم کے کھلاڑی ہاشم آملہ، جے پی ڈومنی، کولن انگرام، ریلے روسو، ڈیل اسٹین اور عمران طاہر بھی پاکستانی میدانوں میں ایکشن دکھائی گے جبکہ سری لنکا کے اینجلو میتھیوز اور تھیسارا پریرا بھی رواں سال پی ایس ایل کا حصہ بنیں گے۔ اسی طرح ویسٹ انڈیز کے کارلوس بریتھ ویٹ، ڈائن براوؤ، ایون لوئس، سنیل نارائن اور کیورن پولارڈ بھی پی ایس ایل سیزن فائیو میں ایکشن میں نظر آئیں گے۔