جمعہ, مئی 10, 2024
اشتہار

رائلی روسو نے سلطانز کو کامیابی دلوادی، زلمی کو شکست

اشتہار

حیرت انگیز

پی ایس ایل 8 کے 27ویں میچ میں رائلی روسو کی شاندار سنچری کی بدولت ملتان سلطانز نے پشاور زلمی کو 4 وکٹوں سے شکست دے دی۔

راولپنڈی میں کھیلے گئے میچ میں ملتان سلطانز نے پشاور زلمی کی جانب سے دیا جانے والا 243 رنز کا ہدف 5 گیندوں قبل 6 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا۔

رائلی روسو نے 51 گیندوں پر 121 رنز کی دلکش اننگز کھیلی ان کی اننگ میں 12 چوکے اور 8 چھکے شامل تھے، کیرون پولارڈ 52 اور انور علی نے 8 گیندوں پر 24 رنز کی اننگز کھیلی۔

- Advertisement -

            ملتان سلطانز کی جانب سے عظمت اللہ عمرزئی نے دو وکٹیں حاصل کیں، جبکہ مجیب الرحمان، صائم ایوب اور ارشد اقبال ایک، ایک وکٹ حاصل کرسکے۔

اس سے قبل پشاور زلمی نے مقررہ اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 242 رنز بنائے اور ملتان سلطانز کو جیت کے لیے 243 رنز کا ہدف دیا تھا۔

کپتان بابر اعظم اور صائم ایوب نے 134 رنز کا شاندار آغاز فراہم کیا، صائم ایوب 58 اور بابر اعظم 73 رنز کے ساتھ نمایاں رہے، ٹام کوہلر کیڈ مور نے 18 گیندوں پر 38 رنز کی اننگز کھیلی۔

محمد حارث نے 11 گیندوں پر 35 رنز کی طوفانی اننگز کھیلی ان کی اننگ میں 4 چھکے اور ایک چوکا شامل تھا۔رومن پاول 2 رنز بنا کر عباس آفریدی کا نشانہ بنے جبکہ حسیب اللہ بھی 7 رنز بنا کر عباس آفریدی کو وکٹ دے بیٹھے۔

ملتان سلطانز کی جانب سے عباس آفریدی نے چار کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی، اسامہ میر ایک وکٹ حاصل کرسکے۔

اس سے قبل پشاور زلمی کے کپتان بابر اعظم نے ٹاس جیت کر ملتان سلطانز کے کپتان محمد رضوان کو پہلے بولنگ کی دعوت دی تھی۔

پشاور زلمی کی ٹیم میں لیگ اسپنر عثمان قادر کی واپسی ہوئی ہے جبکہ ملتان سلطانز کی ٹیم میں خوشدل شاہ اور کوٹریل کو شامل کیا گیا ہے۔

پشاور زلمی اسکواڈ

بابر اعظم کپتان ہیں دیگر کھلاڑیوں میں محمد حارث، صائم ایوب، ٹام کوہلر کیڈمور، رومن پاول، حسیب اللہ خان، عظمت اللہ عمرزئی، وہاب ریاض، عثمان قادر، ارشد اقبال اور مجیب الرحمان شامل ہیں۔

ملتان سلطانز اسکواڈ

 محمد رضوان کپتان ہیں جبکہ دیگر کھلاڑیوں میں شان مسعود، رائلی روسو، ٹم ڈیوڈ، خوشدل شاہ، کیرون پولارڈ، انور علی، اسامہ میر، عباس آفریدی، شیلڈن کوٹریل اور احسان اللہ شامل ہیں۔

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں