تازہ ترین

پی ایس او نے پی آئی اے کو جیٹ فیول کی سپلائی بحال کردی

کراچی: پی ایس او اور پی آئی اے میں واجبات کی ادائیگی کا تنازع کا عارضی حل نکل آیا، پی آئی اے نے پی ایس او کو 50 کروڑ ادا کر دیے۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائن اور پاکستان اسٹیٹ آئل کے درمیان واجبات کی ادائیگی کے معاملہ کا عارضی حل نکل آیا ہے، جس کے بعد پی آئی اے کو جیٹ فیول کی سپلائی بحال کردی گئی ہے۔

پی آئی اے کی جانب سے پی ایس او کو 50 کروڑ روپے کی ادائیگی کی گئی ہے، پی ایس او کا کہنا ہے کہ موجودہ ادائیگی کی حد کل شام تک ختم ہوجائے گی۔

پی ایس او حکام نے بتایا کہ پی آئی اے اب بھی 1355 ملین روپے کی مقروض ہے، فیول سپلائی بحال رکھنے کے لیے پی آئی اے کو کل بھی لازمی ادائیگی کرنا ہوگی۔

واضح رہے کہ پاکستان اسٹیٹ آئل نے قومی ایئرلائن پی آئی اے کو فیول کی فراہمی بند کردی تھی جس کے باعث متعدد پروازیں منسوخ ہوگئی تھیں۔

پی ایس او کی جانب سے پی آئی اے کو فیول کی فراہمی بند کیے جانے پر کراچی، لاہور، اسلام آباد کی 20 پروازیں منسوخ ہوئیں، ایندھن کی عدم فراہمی سے اندرون، بیرون ملک کئی پروازیں تاخیر کا شکار بھی ہیں۔

پی آئی اے کراچی سے لاہور جانے والی پی کے 306 کی پرواز اورکراچی سے پشاور جانے والی پی کے 350 کی پرواز بھی منسوخ ہوگئی تھی۔

Comments

- Advertisement -