کراچی: پاک سرزمین پارٹی نے تئیس مارچ کوپہلا ورکرزکنونشن کرنے کا اعلان کر دیا، انیس قائم خانی کہتے ہیں کہ نشتر پارک میں وکرز کنونشن منعقد کیا جائے گا۔
پاکستان ہاؤس میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پاک سرزمین پارٹی کے صدرانیس قائم خانی نے کہا کہ پی ایس پی 23 مارچ کو نشتر پارک میں ورکرز کنونشن منعقد کرے گی۔
انہوں نے کہا ورکرز کنونشن میں کراچی سمیت ملک بھر کے عہداداران و ذمہ داران شرکت کریں گے کیونکہ پاک سرزمین پارٹی کے رہنماوں نے تئیس مارچ کو پارٹی بنانے کا اعلان کیا تھا جس کے بعد عوام اور کارکنان میں ایک امید پیدا ہوئی۔
مصطفیٰ کمال کی سیاسی میدان میں دوبارہ آمد
یاد رہے گزشتہ سال تین مارچ کو مصطفیٰ کمال اور انیس قائم خانی طویل عرصے تک منظر عام سے غائب رہنے کے بعد سامنے آئے تھے اور انہوں نے پہلی ہی پریس کانفرنس میں بانی ایم کیو ایم پر تابڑ توڑ حملے کرتے ہوئے سنگین الزامات عائد کیے تھے۔
مصطفیٰ کمال کی پریس کانفرنس کے جواب میں ڈاکٹر فاروق ستار نے اور اراکین اسمبلی نے اپنے قائد کا دفاع کیا اور سیاسی میدان میں آنے والے دونوں چہروں پر اسٹیبلشمنٹ کی پشت پناہی کا الزام بھی عائد کیا تھا۔
پی ایس پی کو مخالفین کی جانب سے تنقید کا نشانہ بنایا جاتا رہا ہے اور ایم کیو ایم پاکستان کا کہنا ہے کہ کارکنان کو چھاپوں اور گرفتاریوں سے ڈرا دھمکا کر ڈیفنس کے بنگلے میں چھوڑا جاتا ہے۔
دوسری جانب مصطفیٰ کمال ان الزامات کو مسترد کرچکے ہیں اور انہوں نے کئی بار مقتدر حلقوں سے مطالبہ کیا کہ وہ کراچی کے نوجوانوں کے لیے معاشی اصلاحی پیکج متعارف کروائیں تاکہ توبہ کرنے والے نوجوان دوبارہ غلط ہاتھوں میں نہ جاسکیں۔