کراچی : جرائم پیشہ عناصر کی سرکوبی کے لئے قانون نافذ کرنے والوں کی کارروائیاں جاری ہیں، کالعدم تنظیم کے تین ملزمان اور پی ایس پی کے ٹارگٹ کلر سمیت باون افراد کو گرفتار کرلیا گیا، فائرنگ سے ایک شخص جان سے گیا۔
تفصیلات کے مطابق قانون نافذ کرنے والے اداروں نے شہر قائد میں جرائم پیشہ عناصر کے خلاف گھیرا تنگ کردیا، ترجمان رینجرز کے مطابق منگھوپیر،پی آئی بی کالونی، پٹیل پاڑہ میں چھاپوں کے دوران چھ ملزمان گرفتارکو کیا گیا اور ان سے اسلحہ بھی برآمد ہوا۔
'Target killer' belonging to PSP arrested in… by arynews
گرفتار ملزمان میں سےتین کا تعلق کالعدم تنظیم اورایک کاسیاسی جماعت سے ہے، شاہراہ فیصل پولیس نے گلستان جوہر کے علاقے میں کارروائی کرکے پاک سر زمین پارٹی کے ٹارگٹ کلر ندیم عرف فوجی کو گرفتار کرلیا۔
پولیس کے مطابق قتل کے الزام میں گرفتار ملزم کا تعلق پاک سر زمین پارٹی سے ہے، جس نے کچھ عرصہ قبل شاہ فیصل تھانے کی حدود میں رابعہ سٹی کے قریب نعمان نامی افغانی شخص کو فائرنگ کرکے قتل کیا تھا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم کے قبضے سے واردات میں استعمال ہونے والا اسلحہ بھی برآمد ہوا ہے، ملزم پہلے بھی ایک مقدمے میں گرفتار تھا اورضمانت پر رہا ہوا تھا۔
بلدیہ اور حب چوکی پراسنیپ چیکنگ کے دوران گیارہ ملزمان کو گرفتار کرلیا، سرجانی ٹاؤن میں سیف المری گوٹھ میں پولیس سرچ آپریشن کرکے چالیس افراد کو حراست میں لے لیا۔ سعود آباد میں فائرنگ سے ایک شخص جان سے گیا ۔ سنگولین میں دستی بم حملے سے پانچ افراد زخمی ہوگئے۔