حیدرآباد: پی ایس پی کے رہنما انیس ایڈوکیٹ نے ایم کیو ایم پر پابندی لگانے کا مطالبہ کر دیا ہے جبکہ موجودہ ایم کیو ایم کی نمائندگی کو بھی چیلنج کر دیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق حیدرآباد میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے پاک سر زمین پارٹی کے رہنما انیس ایڈوکیٹ نے حکومت سے ایم کیو ایم پر پابندی کا مطالبہ کر تے ہوئے ایم کیو ایم کی نمائندگی پر سوالات کھڑے کر دیئے۔
اس موقع پر انیس ایڈوکیٹ کا کہنا تھا کہ وزیرداخلہ چوہدری نثار اپنے دورہ کرا چی کے دوران کہا تھا کہ ملک دشمن سرگرمیوں میں ملوث ہونے پر ایم کیوایم کیخلاف سخت ایکشن لیا جائے گا اور دو تین روز میں ریفرنس سپریم کورٹ میں بھیجے گے، آج چوہدری نثار کی کہی گئی بات کا آخری دن ہے امید ہے کہ چوہدری نثار اپنی بات کا پاس رکھتے ہوئے ایم کیوایم کیخلاف ریفرنس سپریم کورٹ بھیج دیں گے۔
دو روز قبل عامر لیاقت کو قتل کی دھکمیوں کے حوالے سے اے آر وائی نیوز کے پروگرام آف سی ریکارڈ میں گفتگو میں کہنا تھا کہ عامر لیاقت کو سائوتھ افریقا اور بھارت کے را کے سیٹ اپ سے دھمکیوں کے ایس ایم ایس آرہے ہیں، الطاف حسین نے سائوتھ افریقا میں خطاب کرکے عامر لیاقت سمیت اپنے ہر مخالف کو راستے سے ہٹا دینے کے احکامات جاری کردیے ہیں کہ ہر مخالف کو مار دیا جائے چاہے اس کا تعلق کسی بھی پارٹی سے ہو۔
انیس ایڈووکیٹ نے کہا کہ الطاف حسین خاموش نہیں بیٹھے، انہوں نے سائوتھ افریقا میں تیسرا خطاب کیا ہے جس میں پریس کلب اور امریکا کے خطاب سے بھی زیادہ پاکستان کے خلاف ہرزہ سرائی کی ہے۔