پیر, جنوری 20, 2025
اشتہار

فاروق ستار کے لیے پی ایس پی کے دروازے ہمیشہ کے لیے بند، مصطفیٰ کمال کا اعلان

اشتہار

حیرت انگیز

کراچی: پاک سرزمین پارٹی کے چیئرمین مصطفیٰ کمال نے اعلان کیا ہے کہ فاروق ستار پر اللہ کی مار ہے اس لیے اُن کی سیاست دفن ہوچکی اور اب اُن  پر پی ایس پی کے دروازےبھی  ہمیشہ کے لیے بند ہوچکے۔

پاکستان ہاؤس میں ایم کیو ایم پاکستان کی رکن سندھ اسمبلی سمیتا افضال سید کی شمولیت کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مصطفیٰ کمال نے فاروق ستار کو اپنے نشانے پر رکھتے ہوئے سنگین الزامات عائد کیے۔

پاک سرزمین پارٹی کے چیئرمین کا کہنا تھا کہ فاروق ستار نے ایم کیو ایم کے بحران کا الزام پی ایس پی پر عائد کیا تو میں پوچھتا ہوں کہ کامران ٹیسوری کاجو معاملہ ہے یا اُن کے پاس جو ویڈیوز ہیں کیا وہ ہم نے دیں؟ آپ لوگوں نے اپنی اپنی رابطہ کمیٹیاں بنائیں علیحدہ علیحدہ جلسے کیے کیا یہ سب پی ایس پی نے کروایا؟۔

- Advertisement -

مصطفیٰ کمال کا کہنا تھا کہ فاروق ستارکی سیاست دفن ہوگئی اور اُن پر اللہ کی مار ہے اس لیے لوگ ایم کیو ایم کو چھوڑ کر پی ایس پی میں شمولیت اختیار کررہے ہیں،  انہی لوگوں نے مہاجروں کے بچوں کو دشمن بنایا اور پھر انہیں پروڈکٹ کے طور پر استعمال کرتے ہوئے حقوق کا ڈھونگ رچایا تاکہ سیاست کو زندہ رکھ سکیں۔

پی ایس پی کے چیئرمین کا کہنا تھا کہ کل فاروق ستار نے شہبازشریف سے ملاقات کی تو اُس میں مہاجروں کےحقوق کی کوئی بات نہیں کی بلکہ اپنی لیڈری اور قیادت کی، جن مہاجروں کو فاروق ستار نے اپنا بچہ کہا اُن کی بات وہ کبھی نہیں کرسکتے کیونکہ یہ چاہتےہیں کہ شہر آگ برسائےاور یہ سیاست کرتے رہیں۔

مصطفیٰ کمال کا کہنا تھا کہ فاروق ستارنےمجھےخود بولا کہ پتنگ اور ایم کیوایم کےنام پر مہاجروں کے جذبات سے کھیلوں گا، میں ہمیشہ سمجھتا تھا کہفاروق ستارمعصوم شخص ہیں اور وہ لندن سے آنے والی پرچیوں کو آگے بڑھاتے ہیں مگر اب ثابت ہوا کہ وہ بہت چھوٹی سوچ کے آدمی ہیں۔

پی ایس پی کے چیئرمین کا کہنا تھا کہ فاروق ستار نے صرف ایک رات کی گرفتاری کے بعد قائد سے پوری پارٹی چھین کر اُس پر قبضہ کرلیا اور غداری کی صرف یہی نہیں بلکہ ایم کیو ایم پاکستان کے سربراہ نے انیس قائم خانی سے رابطہ کرکے اکیلے ملاقات کی اور پی ایس پی میں شمولیت کی خواہش کا اظہار بھی کیا۔

چیئرمین پاک سرزمین پارٹی کا کہنا تھا کہ میں نےہمیشہ کہا کہ اپنے دروازےکسی کےلئے بندنہیں کروں گا مگر موجودہ صورتحال کو دیکھتے ہوئے اعلان کررہا ہوں کہ فاروق ستار کے لیے ہمارے دروازے ہمیشہ کے لیے بند ہیں۔

مصطفیٰ کمال کا مزید کہنا تھا کہ ایم کیو ایم پی آئی بی اور بہادرآباد والے قوم کے خلاف سازشیں کررہے ہیں، لاپتہ مہاجر بچے چھوڑ رہے تھے مگر ان لوگوں نے ڈرائی کلین کا سلسلہ رکوا دیا کیونکہ یہ چاہتے ہیں کہ لڑکے لاپتہ رہیں اور یہ لوگ اُن کے اہل خانہ کو استعمال کریں۔


 

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں