کراچی: شہرقائد کے علاقے سخی حسن چورنگی پر نامعلوم افراد کی فائرنگ سے پاک سرزمین پارٹی کے رہنما عبدالحبیب جاں بحق ہوگئے۔
تفصیلات کے مطابق سخی حسن چورنگی موبائل مارکیٹ کے قریب موٹرسائیکل سوار نامعلوم افراد نے اندھا دھن فائرنگ کردی جس کے باعث رہنما پی ایس پی عبدالحبیب جاں بحق ہوگئے۔
پارٹی ترجمان کی جانب سے واقعے کی شدید مذمت کی گئی، اور ملزمان کی فوری گرفتاری کے لیے عملی اقدامات کا بھی مطالبہ کیا۔
دوسری جانب صدر پی ٹی آئی کراچی خرم شیرزمان اور رہنما آفتاب صدیقی نے بھی واقعے کی شدید الفاظ میں مذمت کی۔
آفتاب صدیقی کا کہنا تھا کہ پی ایس پی کے عبدالحبیب خلجی کا قتل انتہائی افسوسناک ہے، ملزمان کو کیفرکردار تک پہنچایا جائے۔
ایم کیوا یم اور پی ایس پی دفتر پر فائرنگ میں ایک ہی گروہ ملوث نکلا
خرم شیر زمان کا کہنا تھا کہ سندھ حکومت شہریوں کو تحفظ دینے میں مکمل ناکام ہوچکی ہے، روزانہ کی بنیاد پر سیاسی کارکنان کو نشانہ بنایا جارہا ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ شہرقائد کا امن سوچی سمجھی سازش کے تحت برباد کیا جارہا ہے، غمزدہ خاندان کے دکھ میں برابر کے شریک ہیں۔
خیال رہے کہ 28 دسمبر 2018 کو شہر قائد کے علاقے ناظم آباد میں پاک سرزمین پارٹی کے ٹاؤن آفس پر نامعلوم افراد نے فائرنگ کردی تھی، جس کے نتیجے 2 افراد جاں بحق اور 2 زخمی ہوئے تھے۔