کراچی: پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں سال کی سب سے بڑی گراوٹ ریکارڈ کی گئی جہاں مارکیٹ سے 3505 پوائنٹس نکل گئے۔
کاروبار کے آغاز پر انڈیکس نئی بلند ترین سطح 99 ہزار 819 پوائنٹس پر پہنچا تھا تاہم بعد میں ٹریڈنگ کے دوران 3 ہزار 505 پوائنٹس کی بڑی کمی ریکارڈ کی گئی۔
دن بھر مجموعی طور پر 455 کمپنیوں کے شیئرز میں کاروبار ہوا۔ 52 کمپنیوں کے شیئرز کی قیمتوں میں اضافہ جبکہ 355 کے شیئرز میں کمی دیکگی گئی۔
مارکیٹ میں 1 ارب 11 کروڑ 51 لاکھ سے زائد شیئرز کا لین دین ہوا۔ مارکیٹ ماہر کے مطابق ملکی سیاسی صورتحال کے باعث مارکیٹ بڑی گراوٹ کا شکار ہوئی۔
چند روز قبل پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں تیزی کا رجحان رہا تھا اور کاروبار کے اختتام پر 469 پوائنٹس کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا تھا۔
100 انڈیکس 97 ہزار 798 پوائنٹس پر بند ہوا تھا جبکہ دوران کاروبار انڈیکس پہلی بار 99 ہزار پوائنٹس کی سطح عبور کر گیا تھا۔ دوران کاروبار انڈیکس میں 2295 پوائنٹس تک کا اضافہ دیکھا گیا تھا۔
مارکیٹ میں 45 ارب روپے کے 1 ارب 24 کروڑ حصص کا کاروبار ہوا تھا۔ 112 کمپنیوں کے حصص میں اضافہ 296 کے حصص میں کمی ہوئی تھی۔
اس سے ایک دن قبل بھی پی ایس ایکس 100 انڈیکس نے 97 ہزار 437 کی بلند سطح کو چھوا تھا اور کاروبار کا اختتام 1781 پوائنٹس اضافے سے 97 ہزار 328 پر ہوا تھا۔