کراچی : پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں بدترین مندی کے بعد تیزی ریکارڈ کی گئی اور انڈیکس کی ایک لاکھ 16 ہزار 300 پوائنٹس کی سطح پر آگیا۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں گذشتہ روز تاریخی مندی کے بعد آج تیزی دیکھی جارہی ہے، ہنڈریڈ انڈیکس 1500 پوائنٹس اضافے کے ساتھ کھلا۔
کاروبار کے دوران تیرہ سو اکیانوے پوائنٹس اضافے کے ساتھ ایک لاکھ سولہ ہزار تین سو پوائنٹس پر ٹریڈ کر رہا ہے۔
ماہرین کا کہنا ہے بڑے انسٹی ٹیوشنز اورسرمایہ کاروں کی جانب سے حصص کی خریداری کی جارہی ہے، جس سے مارکیٹ میں تیزی کا رجحان دیکھا جارہا ہے۔
خیال رہے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے حالیہ ٹیرف اقدامات سے پوری دنیا کی اسٹاک ایکسچینج مندی کی لپیٹ میں ہیں۔
گذشتہ روز پاکستان اسٹاک ایکس چنیج میں بھی تاریخ کی بد ترین مندی دیکھی گئی تھی ، 100 انڈیکس میں چھ ہزار سے زائد پوائنٹس کی کمی کے بعد ٹریڈنگ کو ایک گھنٹے کے لئے روک دیا اور ایک گھنٹے کے بعد کاروبار بحال ہونے کے بعد بھی مندی 8 ہزار پوائنٹس سے زائد ہوگئی۔
کاروبارکے آخری گھنٹے میں 100 انڈیکس 3882 پوائنٹس کی کمی کے بعد 1 لاکھ 14 ہزار 909 پر بند ہوا۔
اسٹاک ماہرین کا کہنا تھا کہ امریکی صدر کے حالیہ اقدامات کے باعث پوری دنیا کی اسٹاک مارکیٹ مندی کی لپیٹ میں ہے۔
سابق ڈائریکٹر اسٹاک ایکسچینج ظفر موتی والا نے کہا تھا کہ مارکیٹ چھ فیصد کے قریب گرنے سے سرمایہ کاروں کے دو ارب ڈالر کے قریب کا نقصان ہوا ہے، اسٹاک مارکیٹ کی کم ترین سطح ایک لاکھ دس ہزار ایک سو تین رہی مارکیٹ میں مجموعی طور پر 43 ارب مالیت کے 71 کروڑحصص کا کاروبار ہوا تھا۔