کراچی : پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی ( پی ٹی اے) نے انٹرنیٹ کی سست رفتاری کی وجہ 2 سب میرین کیبل میں خرابی کو قرار دے دیا۔
تفصیلات کے مطابق ذرائع پی ٹی اے کی جانب سے کہا گیا ہے کہ کراچی سمندر کے قریب ایس ایم ڈبلیو فور کیبل میں خرابی پیدا ہوئی، کیبل میں خرابی دور ہونے سے متعلق کوئی ٹائم لائن نہیں بتائی جاسکتی۔
ذرائع کا کہنا تھا کہ ایس ایم ڈبلیو فور کیبل میں 18 جون 2024 کو فالٹ سامنے آیا، اے اے ای ون کیبل میں خرابی ایران اور قطر کی ری روٹنگ کے باعث آئی۔
پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی نے کہا کہ اے اے ای ون کیبل میں خرابی 27 اگست تک دور ہونے کا امکان ہے، اس کیبل کی ٹریفک کو متبادل ذرائع آئی ایم وی ای کیبل پر منتقل کیا جارہا ہے۔
یاد رہے گذشتہ روز چیئرمین پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی حفیظ الرحمان نے انٹرنیٹ سست ہونے کی وجہ بتاتے ہوئے کہا تھا کہ 7 عشاریہ 5 ٹیرابائٹ ڈیٹا ایک کیبل سے پاکستان آتا ہے، سب میرین کیبل میں فالٹ کی وجہ سے انٹرنیٹ متاثر ہے، 7 فائبر اپٹک کیبل پاکستان آتی ہیں جس میں سے ایک خراب ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ 27 اگست تک کا وقت ہے وہ کیبل ٹھیک ہوجائے گی، اس صورتحال پر وی پی این کے استعمال سے مقامی انٹرنیٹ ڈاؤن ہوا۔