مری اور گلیات میں پھنسے سیاحوں افراد کےلیے پاکستان ٹیلی کمیونیکشن اتھارٹی نے مفت آن نیٹ کال کی سہولت فراہم کردی۔
تفصیلات کے مطابق پنجاب کے بالائی علاقے اور مشہور سیاحتی مرکز مری اور گلیات میں شدید برفباری کے باعث سیکڑوں گاڑیاں برفباری میں پھنس گئی اور درجنوں سیاح ابدی نیند سوگئے۔
مری اور گلیات کے متاثرہ علاقوں میں ہنگامی صورتحال تاحال برقرار ہے اور متاثرہ علاقوں میں پھنسے افراد کے موبائل فون میں بیلنس بھی ختم ہوچکا ہے۔
متاثرین کی مشکلات کو مدنظر رکھتے ہوئے پی ٹی اے نے فون آپریٹرز کو ہدایت کی تھی جس پر گلیات میں پھنسے صارفین کو زیرو بیلنس پر آن نیٹ مفت کال کی سہولت فراہم کردی ہے۔
پاکستان ٹیلی کمیونیکشن اتھارٹی کا کہنا ہے کہ ایسے افراد کو فوری مفت آن نیٹ کال کی سہولت فراہم کردی گئی ہے، صارفین مزید معلومات کیلئے متعلقہ آپریٹرز سے رابطہ کرسکتے ہیں۔
بھائیوں مری نہ آؤ، پھنس جاؤ گے، دوستوں کی آخری ویڈیو وائرل
واضح رہے کہ مری میں شدید برف باری کے باعث ہزاروں سیاح گاڑیوں میں پھنسے ہوئے ہیں، جنھیں نکالنے کی کوششیں کی جا رہی ہیں، جب کہ 22 افراد جاں بحق ہو گئے ہیں، جی ڈی اے کے ترجمان کا کہنا ہے کہ گلیات، نتھیاگلی، ایوبیہ، چھانگلہ گلی میں 10 ہزار سے زائد سیاح اس وقت موجود ہیں، اور زیادہ تر فیملیز ہیں، مری روڈ کھلنے کے بعد ہی یہ سیاح ہوٹلز سے نکل سکیں گے۔