اسلام آباد: وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی اسد عمر نے کہا ہے کہ علی حیدر گیلانی سے ملاقات کرنے والے اراکین قومی اسمبلی کی شناخت ہوگئی۔
اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ علی حیدر گیلانی سے ملاقات کرنے اور سینیٹ ووٹ کا سودا کرنے کی لیک ہونے والی ویڈیو میں موجود تین اراکین قومی اسمبلی کی شناخت ہوگئی۔
اسد عمر کا کہنا تھا کہ ویڈیو میں تحریک انصاف کے چار اراکین قومی اسمبلی ہیں جن میں سے تین کو پہچان لیا جبکہ چوتھے کی شناخت کے بارے میں معلومات حاصل کی جارہی ہیں۔
مزید پڑھیں: سینیٹ ووٹ کی خریداری: یوسف رضا گیلانی کے بیٹے کی ویڈیو سامنے آگئی
تحریک انصاف کے رہنما اور وفاقی وزیر کاکہنا تھا کہ ’یہ ضمیر کے سودا گر ہیں انہیں کچھ نہیں ملے گا، سینیٹ ووٹ کا سودا کرنے والے اراکین کے خلاف کارروائی کی جائے گی‘۔
قبل ازیں اے آر وائی نیوز کے سینئر صحافی ارشد شریف نے پاکستان ڈیمو کریٹک کے سینیٹ میں مشترکہ امیدوار یوسف رضا گیلانی کے صاحبزادے علی حیدر گیلانی کی تحریک انصاف کے اراکین اسمبلی سے ملاقات کی ویڈیو جاری کی تھی۔ اس ویڈیو میں علی حیدر گیلانی تحریک انصاف کے اراکین اسمبلی کو ووٹ ضائع کرنے کا طریقہ بتا رہے تھے۔