لاہور: پاکستان تحریک انصاف کے رہنما علی بلال کی پوسٹ مارٹم رپورٹ سامنے آگئی جس میں ان پر تشدد کی تصدیق ہوگئی ہے۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق پی ٹی آئی کارکن علی بلال کی پوسٹ مارٹم رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ ان کی موت سر پر گہری چوٹ لگنے سے واقع ہوئی جبکہ ان کے جسم پر تشدد کے 26 نشانات پائے گئے ہیں۔
پوسٹ مارٹم رپورٹ کے مطابق علی بلال کے سر اور چہرے پر زخموں کے 7 نشانات تھے جبکہ ان کی موت دماغ میں گہری ضرب آنے کے بعد خون زیادہ بہنے سے ہوئی ہے۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ علی بلال کے جگر اور لبلبہ میں خون جمع ہونا بھی موت کی وجہ بنا ہے۔
پوسٹ مارٹم رپورٹ کے مطابق علی بلال کے دماغ میں خون جمع ہونے سے بلڈ پریشر انتہائی کم ہوگیا تھا جبکہ ان کے حساس اعضا پر بھی تشدد کیا گیا، تشدد سے ان کی کھوپڑی کا ایک حصہ بری طرح متاثر ہوا تھا۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز پی ٹی آئی کی ریلی کے دوران کارکن علی بلال کی موت واقع ہوئی تھی، پاکستان تحریک انصاف کا دعویٰ کا کہنا تھا کہ علی بلال پولیس تشدد سے جاں بحق ہوا۔
علی بلال کا نماز جنازہ ادا کر دی گئی ہے ہے اور ابتدائی پوسٹ مارٹم رپورٹ میں علی بلال کی موت کی وجہ تشدد سامنے آئی تھی۔