پاکستان تحریک انصاف نے پارٹی چیئرمین عمران خان سے متعلق وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ کی جانب سے کی جانے والی بیہودہ گفتگو کے خلاف پیمرا سے رجوع کرلیا۔
پی ٹی آئی کے مرکزی رہنما افتخار درانی نے چیئرمین پیمرا کو اس متعلق خط لکھ دیا جس میں کہا گیا ہے کہ وزیر داخلہ رانا ثنااللہ نے جیو نیوز پر عمران خان کے خلاف نہایت نامناسب زبان استعمال کی۔
افتخار درانی نے کہا: ’13 اکتوبر 2022 کو رانا ثنا اللہ کو جیو نیوز کے پروگرام میں مدعو کیا گیا۔ پروگرام کے آغاز میں ہی انہوں نے نہایت غلیظ اور قابلِ مذمت زبان استعمال کی۔‘
خط میں مزید کہا گیا کہ شرمناک الفاظ کی قومی میڈیا پر نشریات کی پیمرا ضابطہ اخلاق میں گنجائش نہیں، میزبان حامد میر کی جانب سے بے ہودہ گفتگو پر ٹوکا گیا نہ ہی گفتگو حذف کی گئی۔
’گفتگو کے اس حصے کو نشر مکرر اور سماجی میڈیا پر بغیر کسی تبدیلی کے جاری کیا گیا۔ چیئرمین پیمرا مذکورہ پروگرام اور ٹی وی چینل پر قابلِ اعتراض مواد کا نوٹس لیں۔ اس مواد کو میڈیا اور سماجی میڈیا سے فوری طور پر ہٹایا جانا چاہیے۔ پروگرام کے پروڈیوسر، ڈائریکٹر اور ایڈیٹر سمیت متعلقہ افراد کے خلاف کارروائی کی جائے۔‘