اتوار, اکتوبر 13, 2024
اشتہار

ایس سی او کانفرنس کو کسی صورت نقصان نہیں پہنچانا چاہتے، اسد قیصر

اشتہار

حیرت انگیز

پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اور سابق اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کا کہنا ہے کہ ہم ایس سی او کانفرنس کو کسی صورت نقصان پہنچانا نہیں چاہتے۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق مجوزہ 26 ویں آئینی ترامیم اور پی ٹی آئی احتجاج کی کال سے متعلق تحریک انصاف کے رہنما اور سابق اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کا انتہائی اہم ویڈیو پیغام سامنے آیا ہے جس میں انہوں نے کہا ہے کہ ہم کسی صورت ایس سی او کانفرنس کو نقصان نہیں پہنچانا چاہتے۔ ہمیں بانی پی ٹی آئی عمران خان کی صحت سے متعلق تشویش ہے اور صرف اتنا مطالبہ ہے کہ عمران خان کی ان کے ڈاکٹر سے ملاقات کرائی جائے اور ہمارا ان سے رابطہ کرایا جائے۔

اسد قیصر نے مزید کہا کہ آئینی ترامیم کے لیے جو کارروائیاں ہو رہی ہیں، وہ غیر قانونی ہیں۔ ہمارے لوگوں کو اٹھایا اور ان کے اہل خانہ پر تشدد کیا جا رہا ہے۔ ہمارے ارکان ان کارروائیوں کی وجہ سے دوسرے علاقوں میں چلے گئے ہیں۔

- Advertisement -

پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ آئینی ترامیم کے لیے اغوا برائے ووٹ ہو رہے ہیں۔ انہیں کروڑوں اور اربوں روپے کی پیشکش کی جا رہی ہے، کیا جمہوریت میں ارکان پارلیمنٹ کو اغوا کیا جاتا ہے۔ حکومت کا رویہ قابل مذمت ہے۔ قانون سازی کے مخالف نہیں، لیکن جبر کے ساتھ کسی قانون سازی کو نہیں مانیں گے اور اس کی بھرپور مزاحمت کریں گے۔

واضح رہے کہ ایس سی او کانفرنس 15 اور 16 اکتوبر کو اسلام آباد میں ہونی ہے جس میں بھارت، چین، روس، ایران سمیت تمام شریک ممالک کے وفود آ رہے ہیں۔

دوسری جانب پاکستان تحریک انصاف نے بانی پی ٹی آئی سے ملاقات نہ کرائے جانے پر 15 اکتوبر کو اسلام آباد آنے اور احتجاج کا اعلان کر رکھا ہے۔

ایس سی او اجلاس، بھارت اور روس کے وفود پاکستان پہنچ گئے

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں