لاہور : سیشن کورٹ لاہور نے آزادی مارچ کے موقع پر ہنگامہ آراٸی کیس میں پی ٹی آٸی کے رہنما زبیر خان نیازی کی گیارہ جون تک عبوری ضمانت منظور کرلی
تفصیلات کے مطابق ایڈیشنل سیشن جج جاوید اقبال رانجھا نے ایڈیشنل سیشن جج ملک محمد مشتاق کی رخصت کے باعث بطور ڈیوٹی جج عبوری ضمانت منظور کی۔
اس موقع پر جنرل سیکرٹری پی ٹی ائی زبیر خان نیازی عدالت کے روبرو پیش ہوئے، زبیر خان نیازی کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ پولیس نے ان کے خلاف کار سرکار میں مداخلت اور توڑ پھوڑ کی دفعات کے تحت جو مقدمہ درج کیا ہے وہ بالکل بے بنیاد ہے۔
زبیر خان نیازی کے وکیل کے مطابق درخواست گزار کسی بھی ایسی سرگرمی میں ملوث نہیں رہا، تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان کے اعلان پر اسلام آباد لانگ مارچ میں شرکت کے لیے جا رہے تھے۔
پولیس نے ان کو تشدد کا نشانہ بنایا،انہوں نے استدعا کی کہ عدالت ملزم کی ضمانت منظور کرکے پولیس کو گرفتاری سے روکنے کا حکم دے۔
عدالت نے دلائل سننے کے بعد زبیر خان نیازی کی50 ہزار مچلکوں کے عوض11 جون تک عبوری ضمانت منظور کرتے ہوئے پولیس سے مزید ریکارڈ طلب کرلیا۔