اسلام آباد: تحریک انصاف کے رہنما بابر اعوان نے کہا ہے کہ کشمیر سے ہمدردی نہ رکھنے والا طبقہ ملک میں افرا تفری چاہتا ہے۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کے سینئر رہنما بابر اعوان نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی حکومت کو 5 سالہ حکمرانی کرنے کا مینڈیٹ ملا ہے، ن لیگ، پی پی ناکامی کے بعد مذہب کے نام پر سیاست کررہی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اخبارات میں شائع خبر آڈیٹر جنرل کی رپورٹ حکومت سے متعلق نہیں ہے، گزشتہ ادوار کی آڈٹ رپورٹس کو موجودہ دور حکومت سے جوڑا جارہا ہے۔
بابر اعوان نے کہا کہ 2 سابق وزرا، پارلیمانی سیکریٹری نے جھوٹی خبروں کا آغاز کیا، آڈیٹر جنرل پاکستان کی رپورٹس گزشتہ حکومت کے سیاہ کارنامے ہیں، جھوٹی خبریں پھیلانے والوں کے خلاف اداروں کو کارروائی کرنی چاہئے۔
مزید پڑھیں: کشمیری عوام کو حق خود ارادیت دلوانے کیلئے کسی بھی حد تک جائیں گے، بابر اعوان
انہوں نے کہا کہ جھوٹی خبر کی ترویج الیکٹرانک کرائم ہے، جھوٹی خبر کی ترویج پر ایف آئی اے کو کارروائی کرنی چاہئے، خسارے میں کمی، درآمدات میں اضافہ بہتر معیشت کے اعشاریے ہیں۔
بابر اعوان کے مطابق حکومت اسحاق ڈار کی طرح جعلی اعداد و شمار دے کر قوم کو دھوکے میں نہیں رکھے گی، اسلام آباد لاک ڈاؤن سے متعلق اسلام آباد ہائی کورٹ کا فیصلہ موجود ہے۔
انہوں نے کہا کہ اگر اسلام آباد لاک ڈاؤن کیا جاتا ہے تو یہ ہائیکورٹ کے فیصلے کی توہین ہوگی۔