اسلام آباد: پی ٹی آئی کے بلے کے انتخابی نشان کو بحال کرنے کے خلاف الیکشن کمیشن کی اپیل سپریم کورٹ میں سماعت کے لیے مقرر کرلی گئی۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق سپریم کورٹ میں الیکشن کمیشن کی اپیل پر سماعت کل ہوگی، چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کی سربراہی میں تین رکنی بینچ سماعت کرے گا۔
تین رکنی بینچ میں جسٹس محمد علی مظہر اور جسٹس مسرت ہلالی شامل ہیں۔
واضح رہے کہ الیکشن کمیشن نے آج ہی پشاور ہائیکورٹ کا فیصلہ سپریم کورٹ میں چیلنج کیا تھا، درخواست میں پشاور ہائیکورٹ کا فیصلہ کالعدم قرار دینے کی استدعا کی گئی ہے۔
یاد رہے گزشتہ روز پشاور ہائیکورٹ نے الیکشن کمیشن کا فیصلہ معطل کرکے پی ٹی آئی کا انتخابی نشان بلا بحال کرنے کا حکم دیا تھا، عدالت نے الیکشن کمیشن کو نوٹیفکیشن ویب سائٹ پر اپلوڈ کرنے کا بھی حکم دیا تھا۔
عدالت کا کہنا تھا کہ الیکشن کمیشن پارٹی سرٹیفکیٹ الیکشن ایکٹ 2017 کے شق 209 کے تحت شائع کرے اور آرٹیکل 215 کے تحت الیکشن کمیشن پی ٹی آئی کوانتخابی نشان’’بلا‘‘الاٹ کرے۔